خیبر: وادی تیراہ میں بمباری، ٹی ٹی پی کمانڈر سمیت 3 دہشتگرد ہلاک، آپریشن میں ایف سی اہلکار ہلاک، دوسرا زخمی

باڑہ (نمائندہ ڈیلی اردو/ٹی این این) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع خیبر کے دور افتادہ وادی تیراہ کے علاقہ دور بانڈہ میں پاک فضائیہ نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں تین دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق کاروائی میں ڈرون طیارہ استعمال کیا گیا۔

ڈرون طیارے سے متعدد مزائل فائر کئے گئے۔ فضائی حملہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔

فضائی کارروائی کے بعد پاک آرمی اور ایف سی جوانوں نے علاقہ میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔ سرچ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی تین لاشیں برآمد ہوئی۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

سیکورٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ڈرون حملے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے کمانڈر سہل عرف عظمتو دو ساتھیوں سمیت مارا گیا۔

فائرنگ کا دوسرا واقعہ کڑنگ درہ میں پیش آیا جس میں ایف سی اہلکار سید جمشید حسین ساکن پاراچنار ہلاک ہوگیا۔ جبکہ لانس نائیک رشید بیٹنی شدید زخمی ہوگیا۔

حکام کے مطابق یہ واقعہ وادی تیراہ کے علاقے کڑنگ درہ میں اس وقت پیش آیا جب ایف سی اہلکار معمول کے گشت پر تھے۔

نمائندہ ڈیلی اردو کے مطابق جمشید حسین کی نمازجنازہ مکمل فوجی اعزاز کےساتھ ادا گئی جس میں حاضر سروس، ریٹارئرڈ فوجی افسران سمیت اہلخانہ اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی، بعد ازاں سپاہی کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں