سانحہ تیزگام ایکسپریس: شیخ رشید کا جاں بحق افراد کے لواحقین کیلئے 15 لاکھ، زخمیوں کیلئے 5 لاکھ روپے کا اعلان

رحیم یار خان (ڈیلی اردو) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید  نے رحیم یارخان میں زخمیوں کی عیادت کی، شیخ رشید نے سانحہ تیزگام میں جاں بحق افراد کے ورثاء اور زخمیوں کے لیے امداد کا اعلان بھی کیا۔

رحیم یار خان کے قریب تیز گام ایکسپریس کو حادثہ پیش آیا جس کی 3 بوگیوں کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا، اس خوفناک حادثے میں ابتک 75 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

اس افسوسناک حادثے کے بعد وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید رحیم یار خان پہنچے، جہاں شیخ رشید نے ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی اور زخمیوں کو بہترین سہولیات کی یقین دہانی کرائی۔

وزیر ریلوے شیخ رشید نے حادثے میں جاں بحق افراد کے ورثاءکے لیے 15 لاکھ روپے جبکہ زخمی افراد کے لیے 3 تا 5 لاکھ روپے کا اعلان کیا۔

اس موقع پر شیخ رشید نے کہا کہ زخمیوں کی عیادت کے لیے سپتال آیا ہوں، ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے پر پاک فوج کا شکر گزار ہوں، ٹرین میں 2 سے 3 دھماکے ہوئے اور فوراً آگ لگ گئی، کچھ لوگ ٹرین سے کودنے کے باعث جاں بحق ہوئے۔

وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ روایت ہےکہ تبلیغی جماعت والے اپنا راشن ساتھ لے کر آتے ہیں، ساتھ میں وہ لوگ چھپ چھپا کر سلنڈر بھی لے جاتے ہیں، ٹرین میں سلنڈر کی موجودگی ہماری کوتاہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں