ملک بھر کے مختلف شہروں میں ایام عزا کی آخری مجالس اور چپ تعزئیے کے جلوس

کراچی+ لاہور+ پشاور+ کوئٹہ+ اسلام آباد (نمائندگان ڈیلی اردو) ملک بھر کے مختلف شہروں میں ایام عزا کے سلسلے میں آخری مجالس اور چپ تعزئیے کے جلوس نکالے گئے۔ جس کے لئے انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے۔

کراچی میں چپ تعزئیے کا مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہوا۔ کراچی میں انجمن امامیہ (رجسٹرڈ) کے زیر اہتمام 8 ربیع الاول کو سالانہ مجلس و جلوس عزا سے علامہ علی کرار نقوی نے خطاب کیا، مجلس کے بعد 72 سالہ قدیمی چپ تعزیہ کا جلوس نشترپارک سے برآمد ہونے کے بعد روایتی راستوں پر گامزن ہے، جلوس کوریڈور تھری، ایمپریس مارکیٹ اور ایم اے جناح روڈ سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔ چپ تعزیہ کا دوسرا بڑا جلوس سہ پہر 2 بجے دن رضویہ سوسائٹی (ناظم آباد) سے برآمد ہوگا جو اپنے مقررہ راستوں لسبیلہ چوک، تین ہٹی سے ہوتا ہوا امام بارگاہ شاہ نجف مارٹن روڈ پرختم ہوگا۔ اس موقع پر شہر قائد میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے تھے۔

ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں چپ تعزئیے کا مرکزی جلوس امام بارگاہ جی سکس ٹو سے برآمد ہوا، جو کہ نماز مغربین کے بعد اختتام پذیر ہوگا۔

لاہور میں پانڈو اسٹریٹ سے برآمد ہونے والا ایام عزا کا الوداعی  چپ تعزیئے کا جلوس اپنے مقررہ راستوں پر رواں دواں ہے، جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا، امام بارگاہ کربلا گامے شاہ پہنچ کر ختم ہوگا۔

اس کے علاوہ کوئٹہ اور پشاور میں بھی چپ تعزیئے کے مرکزی جلوس برآمد ہوئے، جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے اختتام پذیر ہوگا۔ اس موقع پرجلوس کے شرکاء نے سینہ کوبی کی اور لوگوں میں نیاز تقسیم کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں