ہتک عزت کا دعویٰ: دنیا ٹی وی اور کامران شاہد کی ریحام خان سے معافی اور ہرجانہ

لندن (ویب ڈیسک) معروف خاتون صحافی اور وزیراعظم پاکستان عمران خان کی سابقہ اہلیہ سے آج دنیا ٹی وی نے 5 جون 2018ء کو نشر کیے جانے والے پروگرام پر معافی مانگ لی اور اس پروگرام کی وجہ سے ریحام خان کی شہرت کو نقصان پہنچنے پر چینل کی جانب سے حرجانہ بھی ادا کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ہائی کورٹ کے جج جسٹس نکلن کو ریحام خان کے وکیل ایلکس نے بتایا کہ دنیا ٹی وی نے ریحام خان صاحبہ پر بہت سے سنگین نوعیت کے الزامات لگائے تھے،ان بے بنیاد الزامات میں یہ بھی شامل تھا کہ ریحام خان نے اپنے سابقہ شوہر کے سیاسی حریف (مسلم لیگ ن) کے صدر ، سابق وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف سے اپنی کتاب لکھنے کے پیسے لیے ہیں۔

دنیا ٹی وی نے عدالت کو بتایا کہ وہ اعتراف کرتے ہیں کہ اس الزام اور دیگر لگائے گئے الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

دنیا ٹی وی پر 5 جون 2018ء کو نشر ہونے والے پروگرام “On the Front with Kamran Shahid” میں تحریک انصاف کی موجودہ حکومت کے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے ریحام خان پر سنگین الزامات لگائے تھے جو کہ بالکل بے بنیاد اور ہتک عزت کے زمرے میں آتے ہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ ریحام خان نے اپنی کتاب لکھنے کے لیے اپنے سابقہ شوہر کے سیاسی حریف مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے رقم وصول کی ہے۔

پروگرام میں شیخ رشید نے ریحام خان کو کسی طوائف سے بھی زیادہ برے کردار کی عورت کہا تھا ۔ اس الزام کی وجہ سے ریحام خان اور ان کے خاندان کو اذیت کا سامنا کرنا پڑا اور ان کی شہرت کو نقصان پہنچا۔ عدالت کو بتایا گیا کہ ریحام خان صاحبہ پاکستانی نزاد برطانوی شہری ہیں ۔ ریحام خان نے بھی کیس جیتنے کی تصدیق کی۔

ریحام خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ ” دنیا ٹی وی پر نشر کیے جانے والے پروگرام میں میری موکلہ پر سنگین نوعیت کے بے بنیاد الزامات لگائے گئے۔

ریحام خان کے پاس ان الزامات پر قانونی چارجوئی کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں تھا۔ مجھے یہ بتاتے ہوئے انتہائی خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ لندن کی ہائی کورٹ میں دنیا ٹی وی نے ریحام خان سے معافی مانگ لی اور ان کی شہرت کو پہنچنے والے نقصانات پر ان کو حرجانہ بھی ادا کر دیا ہے اس کے علاوہ قانونی جارجوئی پر آنے والے اخراجات بھی دنیا نیوز نے ادا کر دیے ہیں۔ ریحام خان دنیا ٹی وی کی جانب سے مانگی گئی معافی اور اس کیس کے مثبت نتائج پر مطمئن ہیں۔

” ان کا مزید کہنا تھا کہ ”ان الزامات کے نشر ہوتے ہی ریحام خان نے Hamlin LLP کو ہدایت کی تھی کہ ان الزامات اور ان کی شہرت کو پہنچائے گئے نقصانات پر قانونی چارجوئی کی جائے۔ آج لندن کی رائل کورٹ آف جسٹس میں دنیا ٹی وی نے میری موکلہ سے معافی مانگ لی ہے۔ دنیا ٹی وی نے اس بات کا اعتراف بھی کیا کہ ریحام خان نے اپنی کتاب لکھنے کے لیے شہباز شریف یا مسلم لیگ ن کے کسی فرد سے بھی رقم وصول نہیں کی ۔دنیا ٹی وی نے اس بات کا بھی تحریری حلف دیا ہے کہ مستقبل میں میری موکلہ پر یہ بے بنیاد اور غلط الزامات نہیں لگائے جائیں گے اور ماضی کے الزامات کی وجہ سے ریحام خان کی شہرت کو جو نقصان پہنچا اس پر حرجانہ ادا کر دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ اس حوالے سے قانونی چارجوئی پر آنے والے اخراجات بھی دنیا نیوز نے ادا کر دیے ہیں ۔ ہم اپنی موکلہ کے لیے اس فیصلے پر خوش ہیں۔” اس موقع پر ریحام خان کا کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ آخر انصاف کا بول بالا ہوا۔ مجھے اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لیے ایک لمبی قانونی جنگ لڑنا پڑی ۔ دنیا ٹی وی سمیت دیگر چینلز نے سیاسی و کاروباری مقاصد کے حصول کے لیے میری کردار کشی کی۔ میں نے اپنی کتاب لکھنے کے لیے میاں شہباز شریف صاحب سے کوئی پیسے نہیں لیے۔

یہ بات انتہائی تکلیف دہ ہے کہ میڈیا کے ایک مخصوص طبقے اور پاکستان تحریک انصاف سے منسلک سیاست دانوں نے مجھ پر الزامات لگائے یہ جانتے ہوئے کہ ان الزامات کی کوئی صداقت نہیں ہے۔ ان بے بنیاد الزامات کی وجہ سے میری زندگی کو خطرے میں ڈالا گیا ۔ مجھے یقین ہے کہ میری جیت اور ثابت قدمی سے پاکستان میں اخلاقی صحافت اور ایماندرانہ سیاست کو فروغ ملے گا۔ میری جیت پاکستان کی ان تمام خواتین کی جیت ہے جو مردانہ معاشرے کی جانب سے کردار کشی کا شکار ہیں ۔ میں اپنے قانونی معاون Hamlins LLP کی شکر گزار ہوں کہ انہوں نے قانونی جنگ لڑ کر میرے لیے انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں