افغانستان: کابل میں کار بم دھماکا، دو بچوں سمیت 7 افراد شہید

کابل (ڈیلی اردو) ‏افغان دارالحکومت کابل میں کار بم دھماکہ ایسے وقت ہوا ہے جب افغان حکومت نے طالبان کے قبضے میں موجود امریکی اور آسٹریلوی پروفیسرز کے بدلے دو طالبان کمانڈروں اور حقانی نیٹ ورک کے اہم رہنما جلال الدین حقانی کے بیٹے انس حقانی کو رہا کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کی علی الصبح افغانستان کے دارالحکومت کابل میں کار بم دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں سکول جانے والے دو بچوں سمیت 7 افراد شہید اور کئی زخمی ہوئے۔

ترجمان افغان وزارت داخلہ نے وزارت کی عمارت کے قریب دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس بات کا تعین نہیں ہوسکا ہےکہ دھماکے کا ہدف کیا تھا۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکا صبح ساڑھے 7 بجے کے قریب ہوا جس کے نتیجے میں قریب کھڑی گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا جب کہ دھماکے کے فوری بعد ریسکیو اہلکاروں نے زخمی اور شہید ہونے والوں کو ہسپتال منتقل کردیا۔

افغان میڈیا کا بتانا ہےکہ جس جگہ دھماکا ہوا وہاں انسداد منشیات کے دفتر سمیت کئی این جی اوز کے دفاتر ہیں۔

افغان میڈیا کے مطابق اب تک کسی تنظیم کی جانب سے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں