ارجنٹائن میں تعینات میکسیکو کے سفیر کتاب چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے

بیونس آئرس (ڈیلی اردو) ارجنٹائن میں تعینات میکسیکو کے سفیر آسکر ریکارڈو والیرو صرف 10 ڈالر مالیت کی کتاب چوری کرتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمرے کی زد میں آ گئے اور دھر لیے گئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ارجنٹائن میں تعینات میکسیکو کے 76 سالہ سفیر بیونس آئرس کے مقبول زمانہ کتاب گھر ’ایل اتینیو‘ سے ایک ایسی کتاب چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے جس کی قیمت محض 10 امریکی ڈالر تھی۔ سفیر آسکر ریکارڈو کو اس حرکت پر فوری طور پر واپس بلا لیا گیا ہے جہاں ایک تفتیشی ٹیم ان سے پوچھ گچھ کرے گی۔

میکسیکو کے وزیر خارجہ نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ اگر کتاب چوری کرنے کا جرم ثابت ہوجاتا ہے تو سفیر کو فوری طور پر ملازمت سے سبک دوش کردیا جائے گا، شفاف تحقیقات کے لیے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، بد دیانتی ناقابل برداشت ہے اور کسی کو بھی اس کی اجازت نہیں دی جاسکے گی۔ میکسیکو کے صدر نے بھی اس عمل کو ملک کیلیے شرم اور بد نامی کا باعث قرار دیا۔

قبل ازیں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر ہوئی تھی جس میں سفیر کو بک شیلف سے کتاب اُٹھا کر ایک اخبار میں لپیٹتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، سفیر بنا قیمت دیئے بک اسٹور سے باہر نکل آتے ہیں۔ جس پر عملے نے انہیں روک لیا اور پولیس کے حوالے کردیا۔

بعد ازاں حقیقت کا اداراک ہوا کہ چور کوئی معمولی شخص نہیں بلکہ ایک ملک کا سفیر ہے، عمر رسیدہ سفیر کا شمار میکسیکو کے امیر ترین بااثر افراد میں ہوتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں