بھارتی فوج کی درہ شیر خان اور مدار پور سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ، درجنوں مال مویشی ہلاک

مظفر آباد (ڈیلی اردو/آن لائن) کنٹرول لائن کے نزدیکی درہ شیرخان اور مدارپور سیکٹرز میں بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجہ میں ایک زمیندار کی 6 بھینسیں، 2 بچھڑے، 9 بکریاں، 4 مرغے اور ایک کتا ہلاک ہو گیا۔

منگل اور بدھ کی درمیانی شب میں بھارتی افواج نے درہ شیر خان سیکٹر کے رقبہ جبر کنڈی میں گولہ باری شروع کردی جس کے نتیجہ میں جبر کنڈی کے رہائیشی محمد ظہور ولد عبدالغنی کے مویشیوں کے شیڈ (بانڈی) میں گولہ لگنے سے پالتو قیمتی مویشی ہلاک ہوگئے اور شیڈ میں آگ بھی بھڑک اٹھی۔

جسکے باعث مال مویشی سمیت دیگر سامان جل کر خاکستر ہوگیا البتہ مویشیوں کا شیڈ رہائشی مکان کے کچھ فاصلہ پر ہو نے کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ جبکہ منگل اوربدھ کو سیز فائر لائن کے مدارپور سیکٹر میں چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کاسلسلہ وقفہ سے جاری رہا جس کے باعث مدارپور کے سکول بند کر دیئے گئے ور علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

فائرنگ کاسلسلہ آخری اطلاعات تک وقفہ وقفہ سے جاری ہے تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں