چین میں کورونا وائرس سے مزید 139 افراد ہلاک، مجموعی تعداد 1662 ہوگئی

بیجنگ (ڈیلی اردو) چین میں کورونا وائرس سے اتوار کو مزید 139 اموات سے مجموعی اموات 1662 تک پہنچ گئی ہیں جبکہ مزید 5,090 افراد کے اس وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 68,000 ہو گئی ہے۔

ہفتہ کو چین کے محکمہ صحت کے حکام نے بتایا ہے کہ جمعہ کے روز صوبائی سطح کے 31 علاقوں اور سنکیانگ پیداوار اور تعمیراتی کارپس میں نوول کورونا وائرس کے 2641 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 143 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

قومی کمیشن برائے صحت کے مطابق ہلاکتوں میں سے 139 کا تعلق صوبہ ہوبے، 2 ہینان اور ایک بیجنگ اور ایک چھونگ چھنگ سے ہے۔

کمیشن نے کہاکہ جمعہ کے روز 2277 نئے مشتبہ کیس رپورٹ ہوئے۔ جمعہ کے روز 849 مریض شدید بیمار ہوگئے جبکہ 1373 مریضوں کو صحت یاب ہونے پر ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔

چین کی سرزمین پر جمعہ کے اختتام تک تصدیق شدہ مریضوں کی کل تعداد 66 ہزار 492 ہوگئی ہے جبکہ مرض کی وجہ سے 1523 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

کمیشن نے مزید کہاکہ 11053 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 8969 افراد کے وائرس سے متاثر ہونے کا شبہ ہے۔ کل 8096 افراد کو صحت یاب ہونے پر ہسپتال سے فارغ کر دیا گیاہے۔

کمیشن نے کہا کہ مریضوں کے قریبی 5 لاکھ 13 ہزار 183 افراد کا پتہ لگایا گیا ہے، جن میں سے 30081 افراد کو جمعہ کے روز طبی نگرانی سے فارغ کر دیا گیا ہے جبکہ تاحال 169039 افراد طبی نگرانی میں موجود ہیں۔

جمعہ کے آخر تک خاص انتظامی علاقہ ہانگ کانگ میں ایک موت سمیت 56، خاص انتظامی علاقہ مکا میں 10 جبکہ تائیوان میں 18 نئے تصدیق شدہ کیس رپورٹ ہوئے۔

ہانگ کانگ میں ایک، مکا میں تین اور تائیوان میں ایک مریض کو صحت یابی کے بعد ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں