پاکستان پر اس وقت طالبان کے سیاسی ونگ کی حکومت ہے، سردار حسین بابک

پشاور (ڈیلی اردو) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی طالبان کا سیاسی ونگ ہے، پاکستان پر اس وقت طالبان کے سیاسی ونگ کی حکومت ہے۔

حیات آباد پشاور میں سابق امیدوار صوبائی اسمبلی حاجی صدیق کی شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار حسین بابک نے کہا کہ پاکستان میں آج تک جتنی بھی کرپشن ہوئی ہے وہ انفرادی طور پر ہوئی ہے، یہ پاکستان کی واحد حکومت ہے جس میں اجتماعی طور پر کرپشن ہورہی ہے۔

بی آرٹی کی تحقیقات کو روکنے کیلئے عدالتوں کا سہارا لیا گیا، نیب سے ایف آئی اے تک وہ تحقیقات منتقل کردی گئی لیکن اُس کے باوجود بھی اُس تحقیقات کو روکنے کیلئے عدالتوں کا سہارا لیا گیا۔

سردار حسین بابک نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی ایک سایہ دار شجر ہے جبکہ پی ٹی آئی موسمی پودا ہے، سونامی نے انصاف، میرٹ، تعلیم اور روزگار کے نام پر نوجوانوں کو گمراہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے جلسوں اور میڈیا کوریج پر پیسے لگانے والوں کی جھولیاں پشتونوں کے وسائل سے بھری جارہی ہیں، لیکن اے این پی ان انوسٹرز کو نہیں چھوڑے گی، بنی گالہ میں بھی یہ نہیں بچ سکتے، پشتونوں کے وسائل ان کے منہ سے چھین کر دم لینگے۔

انہوں نے کہا کہ اس صوبے کے تاجروں کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے اور بھتہ وصولی کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ یہاں بدامنی کی فضا ہے، تحفظ عوام کا آئینی اور قانونی حق ہے لیکن یہاں عوام کو آئینی حق نہیں دیا جارہا اور ہمارے آئینی حقوق کو سلب کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہاں کے تعلیمی ادارے مالی بحران سے دوچار ہیں، ایڈورز کالج کی طرح تاریخی ادارے سے بھی بچے مائیگریشن پر مجبور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تبدیلی سرکار کا مشن ہے کہ یہاں روزگار نہ ہو، یہاں امن نہ ہو، یہاں خوشحالی نہ ہو اور یہ صوبہ پسماندہ ہو، اس صوبے سے وہ مقبرہ بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پر کرپشن کے الزمات لگانے والوںنے آج تک ہم پر ایک روپیہ کرپشن بھی ثابت نہیں کی۔

نیب کے رپورٹس میں اے این پی کا نام بھی آج تک نہیں آیا۔ انہوںنے کہا کہ عوام کو باچاخان کے فلسفے اور سرخ جھنڈے کیساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں