پاک فوج کا بڑا فیصلہ: رضا کارانہ طور پر دفاعی بجٹ میں اضافہ نہ لینے کا فیصلہ، وزیراعظم کا خیر مقدم

راولپنڈی (ویب ڈیسک) ملکی معیشت کی بہتری کیلئے پاک فوج کا بڑا فیصلہ، پاک فوج نے رضاکارانہ طور پر دفاعی بجٹ میں اضافہ نہ لینے کا اعلان کردیا۔

پاک فوج نے دفاعی اخراجات مؤخر کرنے اور فوج کے راشن، سفری اخراجات اور انتظامی اخراجات میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ چیلنجز کے باوجود آرمی افسران نے تنخواہوں میں اضافہ نہ لینے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ خطرات سے نمٹنے کی بھرپورصلاحیت برقرار رکھیں گے، دفاعی بجٹ میں کٹوتی رضاکارانہ طور پر کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ بجٹ میں کٹوتی کے باوجود کسی صورت دفاعی اور سیکورٹی معاملات متاثر ہونے نہیں دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ تینوں مسلح افواج داخلی اقدامات کے ذریعے بجٹ کٹوتی کو یقینی بنائیں گی، قبائلی علاقوں اور بلوچستان میں ترقیاتی کام بہت ضروری ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے پاک فوج کی جانب سے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں دفاعی اخراجات میں کٹوتی کے اقدام کو سراہا ہے۔

وزیراعظم کا خیر مقدم

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں پاک فوج کے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں اپنے دفاعی اخراجات میں کٹوتی کو سراہتا ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاک فوج نے دفاعی اخراجات میں کٹوتی ہماری نازک معاشی صورتحال کی وجہ سے کی، پاک فوج کے اس بے مثال رضاکارانہ اقدام کو سراہتا ہوں۔

ہماری قومی سلامتی کو درپیش گوناں گوں چیلنجز کے باوجود افوجِ پاکستان کا آئندہ مالی سال کے دفاعی اخراجات میں رضاکارانہ کمی کا فیصلہ قابل تحسین ہے۔ اس بچت کے نتیجے میں میسر آنے والا سرمایہ خیبر پختونخوا میں ضم ہونے والے قبائلی اضلاع اور بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں صرف کیا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے فوج کے اس اقدام کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پاک فوج کی طرف سے نئے مالی سال کے لیے دفاعی اخراجات میں رضا کارانہ کٹوتی قابل تعریف ہے، سلامتی کو درپیش چیلنجز کے باوجود مالی مشکلات کے تحت ایسا کیا گیا، یہ فیصلہ حقیقی قومی ادارے کی حب الوطنی کی عکاسی اور احسن اقدام ہے جس کے تحت بچ جانے والی رقم قبائلی علاقوں اور بلوچستان کی بہتری پر خرچ کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملکی میعشت کی بہتری کیلئے پاک فوج نے ایک بڑا فیصلہ کیا ہے اور رواں مالی سال میں دفاعی ترقیاتی اخراجات مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاک فوج نے راشن، سفری الاؤنس اور انتظامی اخراجات میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان فوج کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ حقیقی قومی ادارے کی حب الوطنی کی عکاسی اور احسن اقدام ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں