اسلام آباد (ڈیلی اردو/ مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے تین ٹی وی چینلوں کی نشریات پر غیر معینہ مدت کےلئے پابندی لگا دی ہے۔
تفصیلات کے بعد نجی ٹی وی چینلز 24 نیوز، اب تک اور کیپیٹل ٹی وی کی نشریات غیر معینہ مدت کیلئے بند کر دی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی پیمرا نے پاکستان کے تین بڑے ٹی وی چینلز کی نشریات پر غیر معینہ مدت کی پابندی عائد کرتے ہوئے ملک بھر میں ان کی نشریات فوری بند کروا دی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ ابتک ٹی وی، چینل 24 نیوز، کیپیٹل ٹی وی اور اب تک کی جانب سے پیمرا کے قوانین کی خلاف ورزی کی گئی جس کے بعد ان چینلز کی نشریات پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ان تینوں ٹی وی چینلز کی انتظامیہ کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے ملک بھر کے کیبل نیٹ ورکس پر ان کے چینل غائب کر دیے گئے ہیں۔
— Report PEMRA (@reportpemra) July 6, 2019
واضح رہے کہ دو روز قبل پیمرا نے پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی پریس کانفرنس نشر کرنے والے نیوزچینلز کو نوٹس جاری کیے تھے۔ پیمرا کے ترجمان نے کہا تھا کہ مریم نواز نے عدلیہ اور ریاستی اداروں کے خلاف پریس کانفرنس کی جسے براہ راست نشر کرنا قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کی مختلف نیوز چینلز کی نشریات پر بندش کی مذمت
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مختلف نیوز چینلز کی نشریات پر بندش کی مذمت کی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ فسطائیت کے پیروکار حکومت اب آہستہ آہستہ بے نقاب ہو رہی ہے۔ نیازی حکومت کی جانب سے نیوز چینلز کی نشریات پر بندش سینسرشپ کی بدترین شکل ہے۔
انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم چاہتا ہے کہ ٹی وی چینلز پر 24 گھنٹے اس کی تصویر اور تعریف چلتی رہے۔ ہم صحافی برادری کے ساتھ ہیں۔ پیپلز پارٹی میڈیا کی آزادی پر قدغنیں برداشت نہیں کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں، نیوز چینلز پر بندش کا فیصلہ واپس لیا جائے
ابتک ٹی وی، 24 نیوز چینل اور کیپیٹل ٹی وی کی بندش پر پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کی شدید مذمت
پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن نے اب تک کی بندش کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے نشریات فوری بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ پی بی اے نے کہا ہے کہ پیمرا قوانین پر عمل کرتے ہوئے اب تک کی نشریات بحال کرے۔ قواعد کے تحت چینلز کی نشریات بحال کی جائیں۔ بغیر نوٹس چینلز کو کیبل نیٹ ورکس سے ہٹوادیا گیا۔ پیمرا بتائے چینلز کے خلاف شکایت تھی یا کسی قانون کی خلاف ورزی کی گئی۔چینلز کو آف ایئر کرنا۔ان کی بات نہ سننا آزادی اظہار کی خلاف ورزی ہے۔
دوسری جانب کراچی، پشاور، اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ، ملتان یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے بھی ابتک ٹی وی، 24 نیوز چینل اور کیپیٹل ٹی وی کی بندش کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ صحافی تنظیموں نے کہا ہے کہ عوامی آواز دبانا ناانصافی ہے۔ زبردستی چینلزز کی نشریات روکنا اظہار رائے کی آزادی پر قدغن ہے۔ نئے پاکستان میں حق اور سچ کی آواز دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
آل پاکستان جرنلسٹس کونسل کے سرپرست اعلیٰ چوہدری گلزار نے کہا ہے کہ آزادی صحافت جمہوری دور کا خاصہ ہے۔ حکمرانوں میں تنقید برداشت کرنے کا حوصلہ ہونا چاہیئے۔ چینلز انتظامیہ اور ملازمین میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔