یمن: امریکی سعودی فوجی اتحاد کی صنعاء پر بمباری اور میزائل حملے

صنعاء+ ریاض (ڈیلی اردو/ نیوز ایجنسی) یمن میں آئینی حکومت کو سپورٹ کرنے والے امریکی، سعودی اتحادی ممالک کی مشترکہ فورسز نے صنعاء صوبے میں ایک فضائی کارروائی کے دوران حوثیوں کے فضائی دفاع کے پانچ ٹھکانوں اور بیلسٹک میزائل کے ایک گودام کو تباہ کر دیا جبکہ اس دوران حوثی ملیشیا کے 31 اہلکار بھی جاں بحق ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز یہ بات عرب اتحاد کے سرکاری ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتائی۔ المالکی نے باور کرایا کہ امریکی اور عرب اتحادی ممالک کی مشترکہ فورسز کی کمان دہشت گرد حوثی ملیشیا اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کو اس نوعیت کی صلاحیتوں کے استعمال سے روکنے کے لیے پْر عزم ہے جو اقوام متحدہ کے طیاروں، فضائی نیوی گیشن اور شہریوں کی جانوں کے لیے براہ راست خطرے کے مترادف ہے۔

کرنل المالکی نے باور کرایا کہ عرب اتحاد کی جانب سے نشانہ بنانے کی کارروائی بین الاقوامی انسانی قانون اور ضوابط کے ساتھ مطابقت رکھتی ہے۔

اتحاد کی مشترکہ فورسز نے شہریوں کو ممکنہ نقصان سے بچانے کے لیے تمام تر احتیاطی اقدامات کے بعد کارروائی کی۔

سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے یمن کے صوبے الحدیدہ کے مختلف علاقوں پر کتیوشا میزائل برسائے۔ اس دوران یمنی افواج نے بھی مختلف محاذوں پر اپنی دفاعی کارروائیوں میں سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی فوج کو زبردست جانی اور مالی نقصان پہنچایا ہے۔

العہد ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے یمن کے صوبے الحدیدہ کے مختلف علاقوں منجملہ الزعفران اور الشیخ کے رہائشی علاقوں پر کم سے کم بائیس کتیوشا میزائل اور اکتالیس مارٹر گولے برسائے۔ جس کے نتیجے میں 31 شہری شہید ہو گئے اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے اسی طرح صوبے تعز کے شہر صالہ کے بھی رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا اور مارٹر گولوں سے حملہ کیا جس میں دو عورتیں شہید اور دو دیگر عام شہری زخمی ہو گئے۔

دوسری جانب یمنی فوج اور حوثی ملشیا کے میزائل یونٹ نے امریکی و سعودی اتحاد کی جارحیت کے جواب میں صوبے تعز کے علاقے وازعیہ کی گذرگاہ پر سعودی اتحاد کے فوجی ٹھکانوں کو میزائلوں سے نشانہ بنایا۔

ادھر یمنی فوج نے جنوبی سعودی عرب کے علاقے جیزان میں میں ایک کارروائی کرتے ہوئے سعودی عرب کے ایک فوجی اڈے کو اپنے کنٹرول میں لے لیا۔ اس کارروائی میں کئی سعودی فوجی جاں بحق ہوئے۔

یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے توپ خانے اور میزائل یونٹ نے ہفتے کی رات بھی صحرائے میدی اور حیران کے مشرق و مغرب میں سعودی فوجی ٹھکانوں پر حملہ کیا جس میں دسیوں سعودی فوجی جاں بحق و زخمی ہوئے۔

یمن کے المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمنی فوج اور حوثی ملیشا کے نشانہ بازوں نے بھی شمال مغربی یمن کے صوبے حجہ میں سعودی اتحاد کے فوجیوں کو نشانہ بنایا۔

المسیرہ ٹی وی نے اعلان کیا ہے کہ اس کارروائی میں سعودی اتحاد کے کم از کم سات فوجی اہلکار جاں بحق ہوئے۔

یاد رہے کہ سعودی عرب نے امریکا متحدہ عرب امارات اور بعض دیگر ملکوں کی حمایت سے 26 مارچ 2015 کو یمن پر اپنے وحشیانہ حملے شروع کئے تھے جو ابھی تک جاری ہیں۔

اس دوران سعودی اتحاد کے حملوں میں دسیوں ہزار عام شہری مارے گئے ہیں جبکہ اس ملک کی بنیادی شہری تنصیبات تباہ ہوگئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں