ایران نے 1000 ہزار کلومیٹر مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے: پینٹاگون

واشنگٹن + تہران (ڈیلی اردو/ نیوز ایجنسی) سی این این نے امریکی وزارت دفاع پینٹاگان کے حوالے سے بتایا کہ ایران نے درمیانے فاصلے تک ہدف کو نشانہ بنانے والے بیلسٹک میزائل شہاب تھری کا کامیاب تجربہ کیا ہے جو 1000 کلو میٹر فاصلے تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز مختلف ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے حال ہی میں ایک ایسے بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے جو ایک ہزار کلو میٹر فاصلے تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

سی این این کے مطابق امریکی وزارت دفاع ‘پینٹاگان’ نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ایران نے درمیانے فاصلے تک ہدف کو نشانہ بنانے والے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے جو ایک ہزار کلو میٹر فاصلے تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ میزائل تجربہ امریکی مال بردار جہازوں اور یا فوجی اڈوں کے لیے خطرہ نہیں بنا۔

قبل ازیں ایران نے بدھ کے روز درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کرنےکا دعویٰ کیا تھا۔ ایران کا کہنا تھا کہ اس تجربے کا مقصد ایران کی دفاعی صلاحیت کو بہتر بنانا یے۔ ادھر ایک دوسری پیش رفت میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ تہران اور واشنگٹن میں کشیدگی ختم کرنے کےلیے اگر انہیں مُذاکرات کے لیے تہران جانا پڑا تو جائیں گے۔

دوسری جانب ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے مشیر برائے عسکری امور نے بدھ کو کہا تھا کہ ایران کو اس وقت جس طرح کے حالات کا سامنا ہے ان میں امریکا کے ساتھ بات چیت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے امریکا کے ساتھ مذاکرات کی بحالی کے لیے اقتصادی پابندیاں ہٹانے کی شرط عاید کی۔

ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ کشیدگی گذشتہ برس اس وقت پیدا ہوگئی تھی جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ 2015ء میں طے پایا جوہری معاہدہ منسوخ کرنے کے ساتھ ایران پر عاید سابقہ پابندیاں بحال کردی تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں