فیس بک نے سعودی حکومت کی حمایت کرنیوالے 350 اکاؤنٹس معطل کردئیے

ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک/نیوز ایجنسی) دنیا کی سب سے بڑی سوشل ویب سائٹ فیس بک نے پہلی بار سعودی عرب کی حکومت کی مبینہ حمایت کرنے والے 350 جعلی اکاؤنٹس کو معطل کردیا۔

تفصیلات کے مطابق اس ایکشن سے قبل فیس بک نے سعودی عرب کی مبینہ مخالفت کے لیے ایران سمیت دیگر مشرق وسطی ممالک سے چلائے جانے والے جعلی فیس بک اکاؤنٹس بند کیے تھے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فیس بک انتظامیہ نے یکم اگست کو فیس بک پر سعودی عرب کی حکومت کا پروپیگنڈا عام کرنے اور مبینہ طور پر علاقائی حریفوں کے خلاف استعمال ہونے والے اکاؤنٹس کو معطل کردیا۔

فیس بک انتظامیہ کے مطابق جن اکاؤٹس کو معطل کیا گیا وہ مبینہ طور پر سعودی حکومت سے منسلک افراد چلا رہے تھے۔ جن اکاؤنٹس اور پیجز کو معطل کیا گیا ہے ان پر مبینہ طور پر سعودی حکومت کی حمایت اور ان کے سیاسی پروپیگنڈا کی پرچار کی جاتی تھی۔

فیس بک نے واضح طور پر یہ نہیں بتایا کہ ان اکاؤنٹس کے ذریعے کس طرح کے سعودی حکومت کے پروپیگنڈے کی تشہیر کی جاتی تھی اور ان اکاؤنٹس کے ذریعے سعودی عرب کے کن علاقائی حریف ممالک کو نشانہ بنایا جاتا تھا۔

دوسری جانب سعودی حکومت نے معطل کیے گئے اکاؤنٹس کو تسلیم کرنے سے انکار کیا ہے۔ سعودی حکومت کی جانب سے برطانوی خبررساں ادارے کو بھجوائے گئے بیان میں کہا گیا کہ فیس بک کی جانب سے معطل کیے گئے اکاؤنٹس کا حکومت یا اس سے منسلک افراد سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں