او آئی سی کشمیر میں گھمبیر ہوتی صورتحال کا نوٹس لے: وزیر خارجہ شاہ محمود

اسلام آباد (ڈیلی اردو) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے او آئی سی سے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں گھمبیر ہوتی صورتحال کا نوٹس لیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف احمد سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے کشمیر میں بڑھتی ہوئی بھارتی جارحیت اور امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کی طرف سے نہتے کشمیریوں پر طاقت کا استعمال انتہائی قابل مذمت ہے۔

‘اقوام متحدہ کی ذمے داری ہے کہ مسئلہ کشمیر کو حل کرانے میں کردار ادا کرے’

پاکستانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت نہتے کشمیریوں پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑ کر بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندو یاتریوں اور غیر ملکی سیاحوں کو کشمیر سے نکلنے کے احکامات تشویشناک ہیں، ان حالات میں او آئی سی فوری طور پر اس گھمبیر صورتحال کا نوٹس لے۔

سیکرٹری جنرل او آئی سی نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو صورتحال کا نوٹس لینے اور ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

وزیراعظم عمران خان نے بھی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور لائن آف کنٹرول پر کلسٹر بموں کے استعمال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں