ایران نے ایک اور غیر ملکی آئل ٹینکر قبضے میں لے لیا، عملے کے 7 ارکان زیرحراست

تہران (ڈیلی اردو) ایران کے پاسداران انقلاب کے اہلکاروں نے خلیج فارس کے پانیوں پر ایک اور غیر ملکی آئل ٹینکر اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔

خلیجی پانیوں پر ایران نے ایک اور غیرملکی تیل بردار بحری جہاز کو تحویل میں لے لیا ہے، بحری جہاز میں موجود عملے کے 7 ارکان کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔

ایران کے سرکاری ٹیلی وژن نے بات کرتے ہوئے پاسداران انقلاب کے کمانڈر رامیزان ضراہی نے بتایا کہ غیر ملکی تیل بردار بحری جہاز 7 لاکھ لیٹر تیل غیر قانونی طور پر عرب ممالک میں اسمگل کرنے جا رہا تھا۔

آئل ٹینکرز میں سوار عملے کے ارکان کا تعلق مختلف ممالک سے ہے تاہم تیل بردار بحری جہاز کی ملکیت اور دیگر تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکی ہیں اور نہ ہی کوئی دعویدار سامنے آیا ہے۔

یاد رہے اس سے قبل گزشتہ ماہ آبنائے ہرمز میں مبینہ طور پر سمندری قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر ایران نے برطانوی ٹینکر کو اپنے قبضے میں لے لیا تھا جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو گیا۔

برطانیہ نے ایران کو خبردار کیا تھا کہ اگر خلیج فارس میں روکے جانے والے آئل ٹینکر کو نہ چھوڑا گیا تو اس کے انتہائی سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔

برطانوی وزیرخارجہ جیریمی ہنٹ نے ایران کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ آئل ٹینکر کو چار کشتیوں اور ایک ہیلی کاپٹر نے گھیرے میں لے لیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں