کور کمانڈرز کانفرنس: پاک فوج کشمیریوں کی جائز جدوجہد کی کامیابی تک اُنکے شانہ بشانہ کھڑی ہے، آرمی چیف

راولپنڈی (ڈیلی اردو) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس کا کشمیریوں کی حمایت میں انتہائی اہم اور بڑا اعلان سامنے آیا ہے۔

جی ایچ کیو راولپنڈی میں آرمی چیف کی زیر صدارت ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس کے حوالے سے پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیان دیا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ کور کمانڈرز کانفرنس میں مسئلہ کشمیر پر بھارتی اقدامات مسترد کرنے کے حکومتی اقدامات کی مکمل حمایت کی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کور کمانڈرز کانفرنس میں کشمیر کی صورتِ حال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس پر بحث کی گئی، شرکاء نے حکومت کے بھارتی اقدامات کو مسترد کرنے کے فیصلے کی بھرپور تائید کی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں شرکاء نے کہا کہ پاکستان نے کبھی بھی جموں و کشمیر پر بھارتی تسلط کو قانونی بنانے والے آرٹیکل 370 یا 35 A کو تسلیم نہیں کیا، اب بھارت نے خود ہی اس کھوکھلے بہانے کو ختم کر دیا ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور کمانڈرز کانفرنس میں کہا کہ پاکستان آرمی کشمیریوں کی جائز جدوجہد کی کامیابی تک اُ ن کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان آرمی اپنی اس ذمہ دار ی کو نبھانے کے لیے مکمل تیار ہے، پاک فوج اس سلسلے میں کسی بھی حد تک جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں