آزاد کشمیر: کنٹرول لائن پر شدید جھڑپیں جاری، 2 شہری زخمی، تعلیمی ادارے بند

مظفر آباد (ڈیلی اردو) لائن آف کنٹرول پر کشیدگی بھارت اور پاکستان کی فوج کے درمیان جھڑپیں بدستور جاری ہیں۔

تتہ پانی، درہ شیرخان، سہڑہ سیکٹرز پر بھارتی افواج نے وقفے وقفے سے شدید گولا باری کی جس سے 2 افراد زخمی ہوگئے جبکہ متعدد مکانات تباہ اور مویشی ہلاک و زخمی بھی ہوئے‘ تاریں ٹوٹنے سے بجلی کی ترسیل معطل ہوگئی۔

تتہ پانی بٹل مدارپوراور تتہ پانی ہجیرہ روڈ پر ٹریفک کی آمدورفت گھنٹوں تک بند رہی‘ تعلیمی ادارے بند کردیے گئے‘ شہری گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے‘۔

بھارتی افواج کی جانب سے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا‘ گولا باری کے نتیجے میں نوجوان محمد نعمان اور محمد یعقوب زخمی ہوگئے جنہیں فوری اسپتال منتقل کیا گیا۔

بھارتی افواج کی شدید گولا باری کی وجہ سے تمام علاقے لرز اٹھے اور میدان جنگ کا منظر پیش کرتے رہے‘ علاقے کے لوگوں میں خوف و ہراس کی کیفیت پائی جاتی ہے۔

ادھر پاک فوج کی جانب سے دشمن کو دندان شکن جواب دیا گیا‘ آخری اطلاعات تک گولا باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں