وزیراعظم عمران خان کی بھارتی وزیراعظم مودی کی امریکہ آمد پر بھرپور احتجاج کی ہدایت

اسلام آباد (ڈیلی اردو) وزیراعظم عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف کی تنظیم برائے بین الاقوامی شعبہ جات کو ہدایت کی ہے کہ مودی کی امریکہ آمد بھرپور احتجاج کی تیاری کی جائیں۔

پی ٹی آئی کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے نریندر مودی کی امریکہ آمد پر شدید احتجاج کیا جائے گا۔

پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری او آئی سی ڈاکٹر عبداللہ ریاڑ نے پارٹی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے بعد بتایا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے نیو یارک آنے والے بھارتی وزیراعظم کیخلاف شدید رد عمل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

عمران خان نے ہدایت کی کہ تحریک انصاف نیویارک میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کے خلاف کمیونٹی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو متحرک کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ سفاک مودی تمام انسانی و بین الاقوامی قوانین و ضوابط روندتے ہوئے کشمریوں کو نشانہ ستم بنانے کی تیاریوں میں ہے۔

وزیراعظم نے ڈاکٹر عبداللہ ریاڑ سے ملاقات کے دوران کہا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور دو طرفہ معاہدوں کی موجودگی میں بھارت کے پاس کشمیر پر غاصبانہ قبضے کا کوئی جواز موجود نہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ بطور سفیر مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز دنیا کے ہر فورم پر اٹھائیں گے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں کراچی میں وفاق کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر بھی بات چیت ہوئی، وزیراعظم ستمبر کے آخری ہفتے میں 4 منصوبوں کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے گورنر سندھ کو باقی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت پر رپورٹ پیش کرنےکی بھی ہدایت کی گئی۔ ملاقات کے دوران کلین کراچی مہم پربھی بات چیت کی گئی، جس کے تحت شہر بھر کے نالوں کی صفائی کا کام جاری ہے۔

وزیر اعظم نے گورنر سندھ کو کشمیری برادری سے ملنے اور ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اس مسئلہ کو زیادہ سے زیادہ اجاگر کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں