ایران امریکا کشیدگی: خلیجی ممالک میں امریکا کے 50 ہزار فوجی تعینات

ریاض (ڈیلی اردو) خلیج فارس کشیدگی کے باعث خطے میں امریکی فوج کی موجودگی مسلسل بڑھ رہی ہے۔ ایک طرف امریکی سربراہی میں بحری گشت میں اضافہ کر دیا گیا ہے، تو دوسری طرف امریکی فوجی اڈوں سے متعلق بھی تفصیلات سامنے آرہی ہیں۔

عرب ذرائع ابلاغ نے اس حوالے سے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ خطے میں اس وقت تقریباً 50 ہزار امریکی فوجی موجود ہیں۔

رپورٹ کے مطاقب تیل کی دولت سے مالا مال خلیجی ملک کویت میں قائم امریکی فوج کے سینٹرل فارورڈ ہیڈکوارٹرز میں 13 ہزار امریکی فوجی تعینات ہیں۔

کویت کے 2 فوجی اڈے اور ایک نیول بیس امریکی افواج کے زیر استعمال ہیں۔ یہاں امریکی فوج کی 2200 ایسی بکتر بند گاڑیاں بھی موجود ہیں، جن پر بارودی سرنگیں اثر نہیں کرتیں۔

اسی طرح امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ کا فارورڈ ہیڈکوارٹرز قطر کی العدید ائربیس پر قائم ہے۔ یہاں 13 ہزار امریکی فوجی تعینات ہیں۔ قطر اس فوجی اڈے کو توسیع دینے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔

خطے کی صورتحال پر نظر رکھنے کے لیے امریکی نیوی کا پانچواں فلیٹ بحرین میں قائم امریکی فوجی اڈے پر تعینات ہے۔ اس ریاست میں قائم اس اڈے پر 7 ہزار امریکی فوجی تعینات ہیں۔

بحرین میں واقع شیخ عیسیٰ ائربیس بھی امریکی لڑاکا اور جاسوس طیاروں کے زیراستعمال ہے۔ امریکا کے 5 ہزار فوجی اس وقت عراق میں موجود ہیں۔

عمان میں بھی چند سو امریکی فوجی تعینات ہیں۔

ایران کے ساتھ بڑھتے تناؤ کے دوران امریکا نے سعودی دارالحکومت ریاض کے شہزادہ سلطان ائربیس پر اپنے جنگی لڑاکا طیارے، دفاعی میزائل نظام اور 500 فوجی تعینات کیے ہیں۔

دبئی کی جبل علی پورٹ پر امریکی نیوی کا ایک بڑا اڈا قائم ہے۔

متحدہ عرب امارات میں تقریباً 5 ہزار امریکی فوجی تعینات ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں