حکومت ٹیکسٹائل اور گارمنٹس شعبے کی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی: وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد (ڈیلی اردو) وزیراعظم عمران خان نے ٹیکسٹائل اور گارمنٹس کے شعبہ سے وابستہ کاروباری شخصیات کو یقین دلایا ہے کہ اس شعبے کی ترقی کے لئے حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی، ملبوسات کی تیاری اور برآمدات کے شعبے کی ترقی سے نہ صرف روزگار کے وسیع مواقع میسر آئیں گے بلکہ درآمدات اور برآمدات کے درمیان فرق کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

انہوں نے یہ بات جمعہ کو ٹیکسٹائل اور گارمنٹس کے شعبے سے تعلق رکھنے والے معروف کاروباری شخصیات کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں مشیر تجارت عبدالرزاق داود، گورنر اسٹیٹ بنک ڈاکٹر رضا باقر، وزیرِ صنعت پنجاب میاں محمد اسلم اقبال، لیبر منسٹر پنجاب انصر مجید خان، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ سید زبیر حیدر گیلانی اور سینئر افسران بھی موجود تھے۔

اس موقع پر وزیرِ اعظم عمران خان کو ٹیکسٹائل اور گارمنٹس کے شعبے میں ملکی استعداد، شعبے کی ترقی و فروغ میں حائل مشکلات اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ ٹیکسٹائل اور ملبوسات کے شعبے میں شرح نمو محض 3.3 فیصد ہے جس میں اضافے کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ امن و امان کی صورتحال، بنکوں سے اس شعبے کے لئے مالی معاونت کی فراہمی، کاروباری سہولیات، غیر ہنرمند لیبر اور طویل المدت پالیسی کی عدم موجودگی وغیرہ بڑی رکاوٹیں تھیں جن میں خاطر خواہ بہتری آ رہی ہے۔

وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ سازگار حالات اور تذویراتی اقدامات سے ملبوسات کی برآمدات کو 2030 ءتک چالیس ارب ڈالر تک بڑھایا جا سکتا ہے۔ اس ضمن میں وزیرِ اعظم کو گارمنٹس اور ٹیکسٹائل کے وفد کی جا نب سے متعدد تجاویز پیش کی گئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں