لاہور (ڈیلی اردو) نواسہ رسول حضرت امام حسینؑ اور اُن کے ساتھیوں کی عظیم قربانی کی یاد میں آج ملک بھر میں یوم عاشور کے موقع پر چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس نکالے جارہے ہیں جس میں عزادار نوحہ خوانی و سینہ کوبی کررہے ہیں۔
کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہو گیا ہے، جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا ایرانیاں حسینیہ امام بارگاہ کھادار پر اختتام پزیر ہوگا، جلوس کے اختتام پر شام غریباں بپا کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں دس محرم کا مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہوچکا ہے، جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ جلوس کی سیکیورٹی کا جائزہ لے رہے ہیں۔
جلوس کی سیکیورٹی کے لئے رینجرز کے ساڑھے پانچ ہزار اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے،جلوس کے روٹ پر اسنیپ چیکنگ اور موبائل پیٹرولنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
جلوس کے شرکاء تبت سینٹر پر نماز ظہرین ادا کریں گے۔
سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر جلوس کے اطراف موبائل فون سروس کو بند کردیا گیا ہے، جبکہ سات محرم الحرام سے صدر سمیت تمام کاروباری مراکز کی دوکانوں کو سیل لگا کر بند کردیا گیا تھا۔مرکزی جلوس کےراستوں پرٹریفک اہلکار، اسپیشل برانچ، ریپڈرسپانس فورس کےاہلکار تعینات ہیں۔ بی ڈی ایس ٹیموں نے بھی جلوس کے گزرگاہوں کی سرچنگ کی۔
جلوس کی سیکیورٹی کے لئے رینجرز کے ساڑھے پانچ ہزار اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے، جلوس کے روٹ پر اسنیپ چیکنگ اور موبائل پیٹرولنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر جلوس کے اطراف موبائل فون سروس کو بند کردیا جائے گا جبکہ سات محرم الحرام سے صدر سمیت تمام کاروباری مراکز کی دوکانوں کو سیل لگا کر بند کردیا گیا تھا۔مرکزی جلوس کی سی سی ٹی وی کیمروں اور ہیلی کاپٹر کے ذریعے فضائی نگرانی بھی کی جائے گی،جلوس کے شرکاء تبت سینٹر پر نماز ظہرین ادا کریں گے۔
مرکزی جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کھارا در حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں جلوس کی تفصیلات
راولپنڈی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس کمیٹی چوک امام بارگاہ محلہ تیلی حسین سے برآمد ہوگیا ہے،جلوس کے شرکا فوارہ چوک میں نماز ظہرین ادا کریں گے۔
شہر کے مختلف مقامات سے نکلے والے چھوٹے بڑے ماتمی جلوس بھی مرکزی جلوس میں شامل ہوجائیں گے۔بعد ازاں جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا رات گئے امام بارگاہ قدیمی پر ختم ہوگا، جڑواں شہروں میں یوم عاشور کے جلوسوں کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
لاہور: نثار حویلی سے قدیم جلوس برآمد
شہر لاہور میں شبیہ ذوالجناح کا قدیمی اور مرکزی جلوس مجلس عزا کے بعد نثار حویلی سے برآمد ہوگیا ہے۔
جلوس نثار حویلی سے جلوس امام بارگا شیخاں والی اور پھر امام بارگاہ مہدی علی شاہ پہنچے گا، جہاں جلوس کا کچھ دیر قیام ہو گا،جبکہ شبیہ ذوالجناح کا جلوس آگے بڑھتا ہوا چوک نواب صاحب اور پھر امام بارگاہ باب الحوائج پہنچے گا، اور یہاں جلوس میں عزاداران کی جانب سے نوحہ خوانی اور ماتم داری کا سلسلہ جاری رہے گا۔امام بارگاہ باب الحوائج سے جلوس محلہ شیعاں کوچاں کشمیری مسجد پہنچے گا، جہاں اذان علی اکبر کے بعد ماتم داری ہو گی۔ کشمیری مسجد سے جلوس دوبارہ نثار حویلی سے ہوتا ہوا 10 محرم سہ پہر سنہری مسجد پہنچے گا، جہاں عزاداران نماز ظہرین ادا کرینگے۔
مرکزی جلوس آگے بڑھتا ہوا سنہری مسجد سے حکیماں والا بازار،چوہٹہ مفتی باقر، پرانی کوتوالی، بھاٹی چوک اور پھر کربلا گامے شاہ پہنچ کر 10 محرم کو نماز مغرب کے ساتھ اختتام پذیر ہو گا۔
کوئٹہ کا مرکزی جلوس اپنی منزل کی جانب رواں دواں
کوئٹہ میں عاشورہ محرم الحرام کا مرکزی جلوس پنجابی امام بارگاہ علمدار روڈ سے برآمد ہوگیا ہے،جلوس کی قیادت بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر سید داؤد آغا اور وحدت المسلمین کے سربراہ علامہ ہاشم موسوی کررہے ہیں۔
مرکزی جلوس میں شبیہ زوالجناح، علم اور تعزئیے بھی شامل ہیں،جلوس مذہبی مخصوص راستوں علمدار روڈ، طوغی روڈ، آرٹ اسکول روڈ اور آرچر روڈ سے ہوتا ہوا واپس علمدار روڈ پہنچ کر ختم ہوگا۔جلوس میزان چوک پر نماز ظہرین ادا کرے گا،جلوس کی سیکیورٹی کیلئے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، مخصوص راستوں کے اطراف تمام گلیوں کو خاردار تاروں سے بند کردیا گیا ہے اور چیکنگ کے بعد ہی عزاداروں کو جلوس میں شامل ہونے دیا جارہا ہے۔
مرکزی جلوس کی سیکورٹی کیلئے 5200 پولیس کے اہلکاروں کے ساتھ، ایف سی، اے ٹی ایف بلوچستان کانسٹبلری اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوان تعینات ہیں،اس کے علاوہ بلند عمارتوں پر اسنائپرز کو بھی تعینات کیا گیا ہے جبکہ سیکورٹی یقینی بنانے کیلئے پولیس کے دو ہیلی کاپٹرز بھی فضائی نگرانی کررہے ہیں ۔
ملتان کے جلوس کی تفصیلات
یوم عاشور کے موقع پر آج ضلع ملتان میں کل ایک سو سترہ جلوس برآمد ہو رہے ہیں جبکہ ایک سو چوالیس مجالس منعقد کی جائیں گی۔
جلوس اور مجالس کو درجہ بندی کے تحت تقسیم کیا گیا ہے، اے کیٹیگری میں شامل 21جلوس اور28مجالس کے لئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں ۔سی پی او ملتان کی سرپرستی میں تمام ڈویژنل ایس پی صاحبان اپنے اپنے ڈویژن میں محرم سیکیورٹی کی نگرانی کررہے ہیں،جبکہ یوم عاشور کے جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی کے لئے 4521 پولیس اہلکار و افسران تعینات کئے گئے ہیں
ملتان پولیس کے علاوہ پاکستان آرمی اور رینجرز کے اہلکار بھی امن عامہ کے قیام میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
کوئٹہ میں عاشورہ کا مرکزی جلوس علمدار روڈ سے برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا شام کو مومن آباد امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہو گا۔
پشاور میں یوم عاشور کے 12 جلوس برآمد ہو گئے ہیں، جلوسوں کی سیکورٹی کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جب کہ پارا چنار سمیت کئی شہروں میں عاشورہ کے جلوس برآمد ہوئے ہیں۔