سعودی عرب حملوں میں عراقی سرزمین استعمال نہیں ہوئی: عراقی وزیر اعظم

بغداد (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) عراق نے سعودی تیل کی تنصیبات پر کیے جانے والے ڈرون حملوں میں عراقی سرزمین کے استعمال سے متعلق خبروں کو سختی کے ساتھ مسترد کر دیا ہے۔

عراقی وزیر اعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ بغداد حکومت اپنی سرزمین کو کسی بھی ہمسایہ ملک کے خلاف استعمال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دے گی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ عراقی آئین میں ہمسایہ ملکوں کے خلاف حملے کی ممانعت کی گئی ہے اور ایسا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

حکومت عراق کا کہنا ہے کہ سعودی تیل کی تنصیبات پر حملے سے متعلق افواہیں پھیلانے کے معاملات کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ خطے میں کشیدگی اور فوجی محاذ آرائی میں شدت کی صورت میں خطے اور دنیا کی سلامتی کے لیے خطرات میں اضافہ ہو گا اور انسانی صورتحال مزید پیچیدہ ہو جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں