قابض اسرائیل فوج نے فلسطینی وزیر فادی الہدمی سمیت 20 افراد کو گرفتار کرلیا

مقبوضہ بیت المقدس (ڈیلی اردو) اسرائیلی پولیس نے امورِ بیت المقدس کے فلسطینی وزیر سمیت 20 افراد کو حراست میں لے لیا۔ اسرائیلی پولیس نے بدھ کے روز کہا کہ فادی الہدمی کو مشرقی بیت المقدس میں سیاسی سرگرمی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ انہیں مبینہ طور پر ایک نئے قانون کی خلاف ورزی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے، جس کے تحت بیت المقدس کے اسرائیلی قبضے میں موجود حصے میں سیاسی سرگرمیوں کی ممانعت ہے۔

اسرائیلی پولیس کے مطابق اسی الزام میں فلسطینی انتظامیہ کے نئے مقرر کردہ گورنر عدنان الغیث کی تلاش بھی جاری ہے۔ اس سے قبل بھی فادی الہدمی کو رواں سال جولائی کے اواخر میں بیت المقدس کے مشرقی حصے سے گرفتار کر کے حراست میں رکھا گیا تھا۔ اس دوران اسرائیلی پولیس نے ان سے بیت المقدس میں فلسطینی سیاسی سرگرمی کے حوالے سے پوچھ تاچھ کی تھی۔

قابض اسرائیلی حکام کی جانب سے وقتا فوقتا مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینی عہدے داران کو گرفتار کر لیا جاتا ہے۔

دوسری جانب قابض صہیونی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران 19 فلسطینیوں کو حراست میں لیا۔

اسرائیلی فوج نے چھاپوں کے دوران گھروں میں توڑ پھوڑ اور لوٹ مار بھی کی۔ اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ غرب اردن میں حراست میں لیے گئے فلسطینیوں میں بعض سیکورٹی اداروں کو مطلوب افراد بھی شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں