ایران سعودی عرب جنگ سے عالمی معشیت تباہ ہو کر رہ جائے گی: سعودی ولی عہد محمد بن سلمان

ریاض (ڈیلی اردو) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے خبردار کیا ہے کہ عالمی ممالک نے ایران کو سعودیہ کے خلاف کارروائیوں سے نہ روکا تو تیل کی قیمتیں ناقابل یقین حد تک بڑھ سکتی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق امریکی چینل سی بی ایس کے پروگرام “60 Minutes” کو دیئے گئے انٹرویو میں سعودی شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ ایران کے معاملے پر فوجی حل کے بجائے سیاسی اور پرامن حل کو ترجیح دیں گے، اگر جنگ ہوئی تو خام تیل کی قیمت میں بے تحاشا اضافہ ہوگا۔

سعودی ولی عہد نے کہا کہ اگر دنیا نے ایران کو روکنے کے لیے سخت اقدامات نہ کیے تو کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگا اور عالمی مفادات خطرے میں پڑ جائیں۔

گذشتہ سال اکتوبر میں ترکی میں پیش آنے والے واقعے کے حوالے سے شہزادہ محمد بن سلمان نے واضح کیا کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کا قتل انتہائی اندوہ ناک جرم ہے۔ انہوں نے باور کرایا کہ اس حوالے سے ہر ذمے دار شخص کا احتساب ہو گا اور انصاف اپنے تقاضے پورے کرے گا۔

یمن کے حوالے سے سعودی ولی عہد نے اس جانب توجہ دلائی کہ اگر ایران حوثی ملیشیا کے لیے اپنی سپورٹ کا سلسلہ روک دے تو یمن میں سیاسی حل آسان ترین ہو جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں