‏ایران اور سعودیہ میں ثالثی: وزیراعظم عمران خان ریاض پہنچ گئے، سعودی فرمانروا سے ملاقات

ریاض (ڈیلی اردو) وزیراعظم عمران خان سعودی عرب اور ایران کے درمیان مصالحت کے سلسلے میں ایک روزہ دورے پر سعودی دارالحکومت ریاض پہنچ گئے۔

وزیراعظم عمران خان کی سعودی فرمانروا خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ریاض میں ملاقات ہوئی ہے۔ ملاقات میں دونوں رہنماوٴں نے دوطرفہ تعلقات، خطے میں امن و امان اور عالمی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے علاقائی امن و استحکام کی خاطر خطے میں اختلافات اور تنازعات کے سیاسی اور سفارت کاری کے ذریعے حل پر زور دیا  جب کہ وزیراعظم نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے مسلم دنیا کے دو بڑے ملکوں ایران اور سعودی عرب میں مصالحت کی کوششیں تیز کردی ہیں اور اسی حوالے سے وہ ایران کے بعد اب سعودی عرب کے دورے پر ہیں۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، سیکریٹری خارجہ اور دیگر حکام وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچنے پر گورنر فيصل بن  بندر اور وزیرمملکت و نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر ڈاکٹر مساعد بن محمد نے ان کا استقبال کیا۔

عمران خان دورے میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے جس میں خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وزیراعظم کا رواں سال سعودی عرب کا تیسرا دورہ ہے۔

اس سے قبل اتوار کو وزیراعظم عمران خان نے ایران کا ایک روزہ دورہ کیا تھا جس میں انہوں نے صدرحسن روحانی اور ایرانی رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای سے ملاقاتیں کیں تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں