راجن پور: روجھان میں مخالفین نے 10 سالہ بچے کی ناک کاٹ دی، بچہ ہسپتال منتقل، ملزمان گرفتار

راجن پور (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ پنجاب کے ضلع راجن پور کی تحصیل روجھان کے علاقہ دیرہ دلدار میں 10 سالہ بچہ بڑوں کی لڑائی کی بھینٹ چڑھ گیا، مخالفین نے بڑوں سے لڑائی کا بدلہ لینے کیلئے 10 سالہ طالب علم کی سکول کے باہر ناک کاٹ دی۔

تفصیلات کے مطابق ضلع راجن پور کی تحصیل روجھان کے علاقہ موضع دیرہ دلدار میں گورنمنٹ پرائمری سکول کے باہر مسلح تین افراد نے 10 سالہ طالب علم محمد ابراہیم کو پکڑ کر ناک کاٹ دیا، معمولی سی بات پر بڑوں سے بدلہ لینے کی بجائے دس سالہ طالب علم محمد ابرہیم کا تیز دھار آلے سے ناک کاٹ دیا گیا۔

ڈی پی او راجن پور احسن سیف اللہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بتایا ہے کہ ”راجن پور میں 3 جانوروں نے بدترین ظلم کرتے ہوئے سکول جانے والے تین سالہ بچے کی ناک کاٹ دی ہے۔ ناک کاٹنے کی وجہ بچے کے والدین اور ملزموں کے درمیان دشمنی ہے۔ بچے کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ معاشرتی طور پر ہم کس قدر بربریت پسند ہوتے جارہے ہیں؟“

واقعہ کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمی بچے کو ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔

بعد میں احسن سیف اللہ نے ایک اور ٹویٹ کرتے ہوئے اطلاع دی کہ واقعہ میں ملوث دو ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ٹویٹر ہی پر انہوں نے کہا ”معصوم بچے پر تشدد کرنے اور اس کا ناک کاٹنے واالے ملزموں کو وقوعے کے چار گھنٹے کی شدید مشقت کے بعد گرفتار کر لیا گیا ہے۔ انشااللہ ہم بھرپور کوشش کریں گے کہ ملزموں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔“

واقعہ میں ملوث تیسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں