سوات: مینگورہ میں گیس لیکج کے باعث دم گھٹنے سے نانا اور 2 نواسے جاں بحق

سوات (ڈیلی اردو) خیبر پختونخوا کے ‏ضلع سوات کے شہر مینگورہ کے علاقے طاہر آباد میں ہنستا بستا گھر ماتم کدے میں بدل گیا، گیس لیکیج اور دم گھٹنے سے نانا اور دو نواسے سمیت جاں بحق ہوگئے، ایک ہی گھر سے بیک وقت تین جنازے اٹھنے سے علاقے میں کہرام مچ گیا۔

تفصیلات کے مطابق سوات کے شہر مینگورہ کے نواحی علاقہ طاہر آباد میں عبدالرازق اپنے نواسوں عبیداللہ ولد فضل مولا اور حضرت نبی ولد فضل خالق کے ہمراہ کمرے میں سورہا تھا کہ رات کو گیس لیکیج کی وجہ سے کمرے میں گیس بھر گئی جس کے باعث نانا اپنے دونوں نواسوں سمیت دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگیا۔

تینوں کو فوری طبی امداد کے غرض سے سیدو شریف ٹیچنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔ عبد الرزاق کے دونوں نواسے نانا کے گھر رات گزارنے آئے تھے جو ان کے زندگی کی آخری رات ثابت ہوئی۔

واضح رہے کہ ہر سال سردی کے موسم میں وقتا فوقتا گیس جمع ہونے کے باعث دم گھٹنے سے اس قسم کے واقعات سامنے آتے ہیں جس میں کئی افراد جاں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں