حکمران جماعت نے خارجہ پالیسی کو بھی یوٹرن کی نذر کردیا ہے: میاں افتخار حسین

پشاور (ڈیلی اردو) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ حکمران جماعت نے خارجہ پالیسی کو بھی یوٹرن کی نذر کردیا ہے۔ ایک ملک کے حکم پر خارجہ پالیسی میں اتنی بڑی تبدیلی لانا اصل میں غلامی ہے، کسی ایک کو خوش کرنے اور مالی فائدے حاصل کرنے کیلئے کئی مسلم ممالک کو ناراض کرنا پاکستان کے مستقبل کیلئے خطرناک ثابت ہوگا۔

نوشہرہ میں باچاخان اور ولی خان کی برسی بارے ایک اجلاس میں عہدیداران سے بات کرتے ہوئے میاں افتخار حسین نے کہا کہ کوالالمپور سمٹ میں عمران خان کی عدم شرکت نے بین الاقوامی طور پر ملک کی ساکھ کو شدید ترین نقصان پہنچایا ہے۔ ایسے ممالک جو ہر دکھ درد اور مشکل میں پاکستان کے ساتھ کھڑے نظر آرہے تھے انہیں بھی سلیکٹڈ کی غلط پالیسیوں اور غلامانہ ذہنیت نے ہم سے دور کرنے پر مجبور کردیا ہے۔

کوالالمپور میں پاکستان کے انتہائی قریب مسلم ممالک جمع تھے اور اسلامی دنیا کو درپیش مسائل پر لائحہ عمل طے ہونا تھا لیکن سعودی عرب کے دورے کے بعد حکومت نے یوٹرن لے لیا۔ سلیکٹڈ وزیراعظم اگر خود نہیں جاسکتا تھا تو کسی نمائندے کو ہی بھیج دیتا تاکہ اتنی ذلت نہ اٹھانی پڑتی۔ اس وقت ملک کو درپیش مسائل بارے کوئی توجہ نہیں دی جارہی بلکہ اپنوں کو نوازنے اور اپوزیشن کو نشانہ بنانے میں مصروف حکمران ملک کی ساکھ کے خلاف اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

میاں افتخارحسین نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اندرونی و بیرونی سطح پر پاکستان کے نظام اور پالیسیوں کو کھوکھلا کردیا ہے، بیرونی دنیا میں قریب ترین سمجھنے والے بھی ہم سے خفا اور نالاں نظر آرہے ہیں، یہاں تک چین جیسے قریبی دوست کو بھی ناراض کردیا ہے لیکن سلیکٹڈ حکمران اور انکی نااہل ٹیم صرف اپوزیشن رہنمائوں کے خلاف اداروں کے استعمال اور بیانات دینے میںمصروف ہیں۔

انہوں نے ایک بار پھر نیب آرڈیننس کو مسترد کرتے ہوئے اسے دوستی بچائو، مال کمائو آرڈیننس قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی نااہلی ہے کہ اب تک کوئی قانون سازی نہ کی جاسکی بلکہ پارلیمنٹ کو بے توقیر اور غیرفعال کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جس کے خلاف متحدہ اپوزیشن بالعموم اور عوامی نیشنل پارٹی بالخصوصی آواز اٹھاتی رہے گی۔ میاں افتخار حسین نے واضح کیا کہ اپوزیشن جماعتیں ایک پیج پر ہیں اور موجودہ حکومت کے ماننے کو تیار نہیں، ملک کو بچانے اورجمہوریت کی بحالی کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رہے گی۔

میاں افتخارحسین نے ضلعی عہدیداروں کے ہمراہ کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے اجاز ت نہ ملنے کے بعد دوسری جگہ کا انتخاب کیا۔اس موقع پر ضلعی صدر جمال خٹک، جنرل سیکرٹری انجنیئر حامد علی، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری احسان وزیر، تحصیل نوشہرہ کے صدر زاہد خان، جنرل سیکرٹری نور عالم خان اور مرکزی کونسل ممبر حاجی طارق اقبال بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں