پاکستان میں کورونا وائرس سے 6 افراد جاں بحق، 803 متاثر، متعدد گرفتار

اسلام آباد (ڈیلی اردو) پاکستان میں کورونا وائرس سے 6 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 803 ہوگئی ہے اور 6 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔ جبکہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والے متعدد افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید ایک شہری جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے کورونا کے تازہ اعداد و شمار جاری کردیے ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے 6 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 803 ہوگئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق رات 12 بجے سے کورونا کے 27 نئے کیس رپورٹ ہوئے، سندھ میں 352، پنجاب میں 225، بلوچستان میں 108، کے پی میں کورونا کیسز کی تعداد 31 ہوگئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں 71، اسلام آباد میں 15، آزاد کشمیر میں ایک کیس رپورٹ ہوا جبکہ کورونا وائرس سے 6 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

دوسری جانب سندھ میں لاک ڈاؤن کا آغاز ہو گیا ہے اور لاک ڈاؤن پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے کراچی میں فوج، رینجرز اور پولیس کے دستوں نے گشت شروع کردیا ہے۔

دوسری جانب لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والے متعدد افراد کو گرفتار کرلیا گیا جب کہ حیدرآباد میں نوجوانوں کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے کئی مقامات پر ان کی پٹائی بھی لگائی۔

ایس ایس پی عرفان سموں کے مطابق لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے پر 150 شہریوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔

دوسری جانب کراچی میں رات 12 بجتے ہی لاک ڈاؤن کے آغاز کے بعد شارع فیصل، صدر، عزیز آباد، گارڈن سمیت شہر کے مختلف علاقوں اور اہم شاہراہوں پر پاک فوج رینجرز اور پولیس نے فلیگ مارچ کیا۔

لاک ڈان کی خلاف ورزی پر شہریوں کو موقع پر سزائیں بھی دی گئیں جب کہ متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا، متعدد جگہوں پر شہریوں کو خلاف ورزی کرنے پر سزا کے طور پر اٹھک بیٹھک کے ساتھ ڈنڈے بھی کھانے پڑے۔

محکمہ داخلہ سندھ نے گذشتہ روز صوبہ بھر میں 15 دن کیلئے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا جس کے مطابق نجی و سرکاری ادارے بند، سماجی، مذہبی اور سیاسی تقریبات و اجتماع پر پابندی لگا دی گئی۔

واضح رہے دنیا کے 192 ممالک کورونا وائرس کی لپیٹ میں ہے جبکہ کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 14687 ہو گئی ہے جبکہ وائرس سے 3 لاکھ 38 ہزار 724 افراد متاثر ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں