بنوں: کررونا وائرس سے تبلیغی جماعت کا مقامی امیر سید نواز جاں بحق

بنوں (ڈیلی اردو) خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں کورونا وائرس سے متاثرہ شخص جاں بحق ہوگیا۔ دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے بنوں میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز سامنے آنے کے بعد حفاظتی اقدامات کو مزید سخت کردیا ہے۔

بنوں کے مندیو علاقے سے تعلق رکھنے والا 70 سالہ سید نواز تبلیغ کے سلسلے میں بلوچستان کے شہر کوئٹہ گیا تھا اور 10 دن پہلے ٹرین کے ذریعے پشاور کے راستے اپنے علاقے کو پہنچا۔

کورونا وائرس کی وجہ سے جاں بحق ہونے والے مقامی امیر سید نواز کے علاقے مندیو اور اس سے محلقہ علاقوں کو انتظامیہ کی جانب سے سیل کردیا گیا ہے اور وہاں جراثیم کش سپرے کئے گئے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ مقامی افراد کی سکریننگ بھی شروع کردی گئی ہے۔

https://twitter.com/Coronaupdateskp/status/1244506062696452096?s=19

ذرائع کے مطابق 10 مزید افراد کو بھی کورونا وائرس کے شک میں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے تاہم ضلعی انتظامیہ نے اس کی تصدیق نہیں کی۔

نمائندہ ڈیلی اردو کے مطابق کررونا وائرس سے تبلیغی جماعت کے مقامی امیر سید نواز کو گزشتہ روز بنوں میں سپردخاک کردیا گیا، کورونا مریض کو آبائی گاوں مندیو میں سپرد خاک کیا گیا، جنازے اور تدفین کے وقت بھرپور حفاظتی اقدامات کئے گئے، جنازے میں ڈپٹی کمشنر بنوں کیپٹن (ر) محمد زبیر خان نیازی، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر شوکت خان کی بھی شرکت کی۔ جنازے میں چند قریبی ورثا نے شرکت کی۔ علاقے کے لوگوں کو جنازے کے وقت دور رہنے کی بھی ہدایت کی گئی، علاقہ مندیو کو سیل کردیا گیا جبکہ علاقہ میں پولیس کی نفری تعینات کردی گئی۔ لوگوں کو گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایات کی گئی۔

دوسری جانب بنوں کے علاقے سوکڑی حسن خیل میں بھی کورونا وائرس کا مثبت کیس سامنے آنے کے بعد پولیس نے متاثرہ فرد کے گاؤں حیات رحمن کلی کو اپنے قبضے میں لے کر ہسپتال منتقل کردیا اور وہاں آنے جانے پر پابندی ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی ٹیمیں بھی علاقے میں موجود ہیں۔

ڈپٹی کمشنر بنوں کیپٹن ریٹائرڈ محمد زبیر خان نیازی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلنے کو روکنے کے لیے بنوں شہر اور متصل علاقوں میں حفاظتی اقدامات کو مزید سخت کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ میڈیکل سٹورز کے علاوہ خوراک کی دکانوں کو بھی سہ پہر 5 بجے کے بعد مکمل طور پر بند کیا جائے گا اور شہر میں آمدورفت کو بھی محدود کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں