سری لنکا: نیوی کا سمندر میں آپریشن، 65 ملین ڈالر کی منشیات پکڑ لی، 9 پاکستانی گرفتار

کولمبو (ڈیلی اردو) سری لنکن بحریہ نے جنوبی پانیوں کے قریب سمندر میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر انٹی نارکوٹکس آپریشن کے دوران 65 ملین ڈالر سے زائد مالیت کی تقریباَ 605 کلوگرام کرسٹل میتھ اور 579 کلو کیٹامائن منشیات قبضے میں لے لی۔ ایک ماہ کے دوران اس ریجن میں دوسری مرتبہ منشیات کی بڑی کھیپ پکڑی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سری لنکا کی بحریہ نے 65 ملین ڈالر مالیت کی منشیات پکڑی ہے، یہ سری لنکن تاریخ کی سب سے بڑی منشیات کی کھیپ ہے جس کی سمگلنگ کے الزام میں 9 پاکستانی شہریوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خفیہ اطلاع پر بحریہ کے حکام نے جنوبی پانیوں میں بنا جھنڈے کے آنے والی کشتی پر چھاپہ مارا جس کے دوران 605 کلوگرام کرسٹل میتھ اور 579 کلو کیٹامائن پکڑی گئی۔

سری لنکن بحریہ کے کمانڈر پیال ڈی سلوا کا کہنا ہے کہ انہوں نے پہلی بار کیٹامائن کی کھیپ پکڑی ہے اور لگتا ہے کہ یہ مشرقی ایشیا کے کسی ملک میں سمگل کی جارہی تھی۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ منشیات پاکستان کوسٹ سے آئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں