پاکستان میں کورونا وائرس سے تبلیغی سمیت مزید 5 افراد جاں بحق، تعداد 33 ہوگئی، 2291 متاثر

اسلام آباد (ڈیلی اردو) پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے آج جمعرات کو ایک تبلیغی سمیت مزید 5 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 33 ہوگئی جب کہ مزید 69 کیسز سامنے آنے کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 2291 تک جا پہنچی ہے۔

پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں سے پنجاب میں 11، سندھ 10، خیبرپختونخوا 8، گلگت بلتستان 3 اور بلوچستان میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

آج اب تک سندھ میں 34 کیسز ایک ہلاکت، خیبرپختونخوا 23 کیسز ایک ہلاکت، گلگت 3 کیسز ایک ہلاکت، بلوچستان 5 اور اسلام آباد میں مزید 4 کیسز سامنے آئے ہیں۔

محکمہ صحت کی سمری کے مطابق سندھ میں آج اب تک کورونا وائرس کے 34 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 743 ہوگئی ہے۔ سندھ کی وزیرِ صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے صوبے میں کورونا وائرس سے مزید ایک شخص کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔

ان کے مطابق اس 65 سالہ مریض کا تعلق ٹنڈو محمد خان سے تھا اور اسے 28 مارچ کو حیدرآباد لایا گیا تھا جہاں اس کا ٹیسٹ پازیٹو آنے کے بعد علاج جاری تھا۔ ان کے مطابق مذکورہ شخص کا تعلق تبلیغی جماعت سے تھا۔

خیال رہے کہ حیدرآباد میں تبلیغی جماعت سے تعلق رکھنے والے 90 سے زیادہ افراد میں یہ وائرس پایا گیا ہے جو سب زیرِ علاج ہیں۔

خیبرپختونخوا میں آج اب تک کورونا کے 23 کیسز اور مزید 2 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 276 ہوگئی جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔ کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے 2 مریضوں میں سے ایک کا تعلق بنوں اور ایک کا نوشہرہ سے ہے۔ صوبائی وزیر صحت تیمور جھگڑا کی جانب سے ہلاکتوں اور نئے کیسز کی تصدیق کی گئی۔

صوبائی وزیر صحت کی جانب سے جاری سمری کے مطابق صوبے میں اب تک وائرس سے 29 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

پنجاب میں بدھ کے روز کورونا وائرس کے مزید 137 کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں مجموعی تعداد 845 ہوگئی جبکہ ایک شخص جاں بحق بھی ہوا اور یوں صوبے میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 10 ہوگئی۔

بلوچستان میں بروز بدھ کورونا وائرس کے مزید 10 کیسز رپورٹ ہوئے جس کی تصدیق صوبائی ترجمان لیاقت شاہوانی نے کی۔ صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 164 ہوگئی ہے۔

بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے بتایا کہ صوبے میں 17 افراد صحت یاب ہوئے ہیں جبکہ بلوچستان میں اب تک ایک شخص کورونا سے ہلاک ہوا ہے۔ سرکاری پورٹل کے مطابق اسلام آباد میں منگل کو کورونا وائرس کے 7 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں مجموعی تعداد 58 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان میں بروز بدھ کورونا وائرس کے مزید 6 کیسز سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے۔ سرکاری پورٹل کے مطابق علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 184 ہوگئی ہے۔

آزاد کشمیر میں بدھ کے روز کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز سامنے آئے جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 9 ہوگئی۔

کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 845 ہوگئی ہے، سندھ میں 743، خیبر پختونخوا میں 276، بلوچستان میں 169، اسلام آباد میں 69، گلگت بلتستان میں 187 جب کہ آزاد کشمیر میں 9 افراد کورونا کا شکار ہیں۔

ادھر امریکا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 26 ہزار کیسز رپورٹ ہونے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 15 ہزار 300 سے زائد ہو گئی ہے۔

ایک ہی روز میں ایک ہزار سے زائد اموات رپورٹ ہونے کے بعد امریکا میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد بھی 5 ہزار 110 تک پہنچ گئی ہے۔

برطانیہ میں آج 4 پاکستانیوں سمیت مزید 563 موت کی گھاٹی میں اتر گئے جب کہ مریضوں کی تعداد 30 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔ برطانیہ میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 2 ہزار 352 ہو چکی ہے۔

فرانس میں بھی اب تک 9 پاکستانیوں سمیت 4 ہزار 32 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ گزشتہ روز امریکا میں بھی دو پاکستانی کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے تھے۔

اٹلی میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 13ہزار 155 ہو گئی ہے جب کہ اسپین میں یہ تعداد 9 ہزار 387 ہے۔

ایران میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 3 ہزار 36 جب کہ چین میں 3 ہزار 312 ہے۔ اس کے علاوہ ہالینڈ میں ایک ہزار 173، جرمنی میں 909 اور بیلجیم میں 828 افراد وبا سے ہلاک ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس اب تک دنیا کے 203 ممالک تک پھیل چکا ہے۔ اب تک دنیا میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتیں 47 ہزار 246 سے تجاوز کر گئیں اور مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 38 ہزار 348 ہوچکی ہے تاہم 1 لاکھ 95 ہزار 371 متاثرین صحت یاب ہوگئے ہیں جب کہ 34 ہزار مریضوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کورونا وائرس وبا کی لپیٹ آنے والے ممالک برطانیہ اور اسپین میں اب تک کی سب سے زیادہ اموات کی تصدیق ہوئی ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے جس تیزی سے دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث اموات اور کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں تو خدشہ ہے کہ اس ہفتے اموات 50 ہزار اور مریضوں کی تعداد 10 لاکھ تک پہنچ جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں