فلسطین کا سعودی ٹی وی پر اسرائیل نواز ڈرامے بند کرانے کا مطالبہ

غزہ (ڈیلی اردو) سعودی عرب اور خلیجی ممالک کے ٹی وی چینلوں پر اسرائیل کی حمایت اور فلسطینیوں کے خلاف چلائے جانے والے رمضان ڈرامہ سیریز پر فلسطینی سیاسی جماعتوں کی طرف سے سخت رد عمل سامنے آیا ہے۔

مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق جمہوری محاذ برائے آزادی فلسطین نے سعودی عرب کے ‘ایم بی سی’ ٹیلی ویژن نیٹ ورک پر نشر کیے جانے والے’ام ھارون’ اور ‘ایگزٹ 7’ نامی ڈرامے فلسطینی قوم کی توہین قرار دیتے ہوئے ان کی نشریات فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

جمہوری محاذ کی طرف سے گذشتہ روز پریس کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ خلیجی عرب ممالک اور ان کے ذرائع ابلاغ ‘صہیونی ۔ امریکی’ ایجنڈے پر چل رہے ہیں۔ عرب ممالک کی حکومتوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے فلسطینی قوم کی تضحیک اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کی راہ ہموار کرنے والے تمام ڈرامے اور فلمیں بند کرنے کا مطالبہ کیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ کویت اور سعودی عرب کی جانب سے نشر کیے جانے والے ‘ایگزٹ 7’ اور ‘ام ھارون’ ڈرامے فلسطینی قوم کے حقوق کی آواز بلند کرنے کے بجائے ظالم صہیونی ریاست کے مکروہ چہرے کو خوش نما بنا کر پیش کررہےہیں۔

باین میں مزید کہا گیا ہے کہ فلسطینی قوم اور عرب عوام میں اسرائیل نواز ڈراموں کی نشریات پر سخت غم وغصہ پایا جاتا ہے۔ ہم ان ڈراموں کو اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کے لیے رائے عامہ ہموار کرنے کی سوچی سمجھی کوشش قرار دے رہے ہیں۔

خیال رہے کہ سعودی عرب کے ‘ایم بی سی’ ٹیلی ویژن نیٹ ورک پر ‘ام ھارون’ اور ‘ایگزٹ 7’ ٹی وی ڈرامے نشر کیے جا رہے ہیں۔ ان دونوں ڈراموں میں اسرائیل کی حمایت اور یہودیوں کے عربوں کے ساتھ تعلقات کو بیان کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ ایہ ڈرامے ایک ایسے وقت میں نشر کیے جا رہے ہیں جب دوسری طرف خلیجی عرب ممالک اسرائیل کے ساتھ دوستی اور تعلقات استوار کرنے کی در پردہ اور اعلانیہ کوششیں کررہے ہیں۔ ان ڈراموں کی نشریات کو بھی اسرائیل ۔ عرب تعلقات کے قیام کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں