رحمان ملک اور یوسف رضا گیلانی نے مجھے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا، امریکی صحافی سنتھیا رچی

اسلام آباد (ڈیلی اردو) پاکستان میں مقیم امریکی صحافی سنتھیا رچی نے الزام عائد کیا ہے کہ پیپلز پارٹی کے سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے انہیں جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا جبکہ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور مخدوم شہاب الدین نے انہیں جسمانی طور پر ہراساں کیا۔

اپنے ویڈیو پیغام میں پاکستان میں مقیم امریکی خاتون صحافی سنتھیا ڈان رچی نے کہا کہ وہ پیپلز پارٹی کے خلاف اس لیے زیادہ بولتی ہیں کیونکہ 2011 میں سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے ان کا ریپ کیا تھا۔ اس وقت کے وزیر صحت مخدوم شہاب الدین اور وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے ایوان صدر میں انہیں جسمانی طور پر ہراساں کیا۔

سنتھیا ڈان رچی نے کہا کہ وہ اس واقعے کی مزید تفصیلات بتانے کیلئے بھی تیار ہیں لیکن وہ یہ تفصیلات تحقیقاتی صحافیوں کے سامنے بیان کریں گے۔ انہوں نے اس واقعے کی ساری تفصیلات سے اپنے بھروسہ مند دوستوں کو بھی آگاہ کردیا ہے تاکہ کل کو کچھ ہوجائے تو معاملہ سامنے آسکے۔

انہوں نے واضح کیا کہ وہ خود کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی تفصیلات اس لیے بتارہی ہیں تاکہ نوجوان لڑکیوں، ریپ کا نشانہ بننے والے لڑکوں اور خواجہ سراؤں کی حوصلہ افزائی کرسکیں۔ وہ آج کے بعد کبھی یہ برداشت نہیں کریں گی کہ کوئی انہیں غیر مناسب طریقے سے ہاتھ لگائے یا ان کی طرف گندی نظروں سے دیکھے۔ وہ اس ملک میں رہتے ہوئے ان لوگوں کو انصاف دلانے کی بھرپور کوشش کریں گے جن کے ساتھ اس قسم کے واقعات پیش آئے ہوں۔

دوسری جانب سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انھیں پیپلز پارٹی کی جانب سے سنتھیا کے خلاف قانونی کارروائی کا ردعمل قرار دیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ‘اصل مسئلہ یہ ہے کہ انھوں نے بینظیر بھٹو کے حوالے سے چند روز قبل کچھ کہا تھا۔ انھوں (سنتھیا) نے بینظیر کے خلاف توہین آمیز گفتگو کی تھی۔ میرے بیٹے نے، جو کہ پنجاب اسمبلی کا ممبر بھی ہے، بینظیر کے خلاف دیے گئے بیان پر ان (سنتھیا) کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ کیا ہے۔ یہ صرف اس کا ردعمل ہے۔’

یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ حال ہی میں وہ پہلی اور آخری مرتبہ سنتھیا سے ملے تھے اور اس سے قبل وہ انھیں جانتے تک نہیں تھے۔

‘زلفی صاحب ایک سفارت کار ہیں، تین چار ماہ قبل ان کے گھر پر ایک فورم کا ریسیپشن منعقد ہوا تھا۔ جلیل عباس جیلانی اور میں وہاں اکھٹے گئے ہوئے تھے۔ درجنوں دیگر افراد بھی وہاں موجود تھے۔ وہاں ان (سنتھیا) سے پہلی اور آخری ملاقات ہوئی تھی۔ اس سے پہلے میں انھیں جانتا تک نہیں تھا۔’

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا میرے بدترین مخالف بھی میرے کردار کے حوالے سے ایسی بات نہیں کر سکتے تو انھوں (سنتھیا) نے کی ہے۔

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انھیں پیپلز پارٹی کی جانب سے سنتھیا کے خلاف قانونی کارروائی کا ردعمل قرار دیا ہے۔

رحمان ملک اور شہاب الدین کی جانب سے تو تاحال ان الزامات پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں