پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کر رہا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

اسلام آباد (ڈیلی اردو) قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حوالے سے کوئی حقیقت نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ واضح طور پر کہہ رہا ہوں پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کر رہا، فلسطین کے مسئلے کو بھی اس معاملے سے منسوب کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ فلسطین پر ہمارا موقف وہی ہے جو پیپلز پارٹی، ن لیگ کا تھا، فلسطین کے حوالے سے کوئی ابہام نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم دو ریاستی نظریہِ کے کل بھی حمایتی تھے آج بھی ہیں۔ فلسطین پر ہمارا وہی موقف ہے جو پاکستان کا موقف ہے۔ عرب ممالک کے دباوٴ میں آکر ہرگز اپنی پالیسی پر نظر ثانی نہیں کر رہے۔ پاکستان مسئلہ فلسطین کو حل کرنے کیلئے کوشاں ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ نہیں کہا کہ بھارت سیکیورٹی کونسل کا مستقل ممبربن جائے، بھارت کے سیکیورٹی کونسل کا مستقل ممبر کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، مسئلہ کشمیر پر ہمارا موقف یکساں ہے اور رہے گا۔

واضح رہے منگل کے روز قومی اسمبلی کے جاری اجلاس میں حزب اختلاف نے اسرائیل کو تسلیم کرنے سے متعلق حکومتی نظر ثانی کی مبینہ اطلاعات اور بھارت کی سیکیورٹی کونسل کی رکنیت کے حوالے سے وزیر خارجہ کے بیان پر وضاحت طلب کی تھی۔ اس کے بعد حکومتی اور اپوزیشن اراکین میں تلخ کلامی بھی ہوئی۔ بعد ازاں وزیر خارجہ نے اس حوالے سے حکومتی مؤقف واضح کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں