کراچی: پانچ سالہ بچی زیادتی کے بعد قتل، تشدد زدہ لاش کوڑے کے ڈھیر سے برآمد

کراچی (ڈیلی اردو) کراچی کے علاقے عیسی نگری میں خالی پلاٹ کی کچرا کنڈی سے پانچ سالہ بچی کی تشدد زدہ لاش ملی ہے، پولیس نے بچی کے اغواء اور قتل کے شبہ میں ایک ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق پانچ سالہ مروا پیر بخاری کالونی کی رہائشی ہے جو دو روز قبل لاپتہ ہوئی تھی۔ ہفتے کی شام پولیس نے ورثا کی مدعیت میں کمسن مروا کے اغواء کا مقدمہ پی آئی بی تھانے میں درج کیا تھا۔ اتوار اور پیر کی درمیانی شب علاقہ مکینوں کو مروا کی لاش میکاسا اپارٹمنٹ کے قریب خالی پلاٹ سے ملی جسے پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ بچی کے جسم پر تشدد اور جھلسائے جانے کے نشان ہیں۔ پوسٹمارٹم رپورٹ آنے کے بعد مزید شواہد ملیں گے۔

پولیس کے مطابق مغویہ کی شناخت 5 سالہ مروہ دختر عمر صادق کے نام سے کی گئی، مقتولہ اسی علاقے میں پیر بخاری کالونی بلاک اے کی رہائشی تھی، مقتولہ کا ایک چھوٹا بھائی ہے جبکہ اس کے والد رکشا چلاتے ہیں، ان کا آبائی تعلق صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بونیر سے ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کے اغواء اور قتل کے شبہے میں ایک ملزم کو حراست میں لیا ہے جس سے پوچھ گچھ جاری ہے۔ ورثاء نے بتایا کہ پانچ سالہ مروا دو روز قبل لاپتہ ہوئی تھی۔ بچی گھر سے دو روز قبل صبح سات بجے نکلی تھی۔ بچی کی لاش گھر کے قریب خالی پلاٹ کے کچرا کنڈی سے ملی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے شناخت مٹانے کے لیے لاش کو آگ لگا دی۔ پولیس نے بتایا کہ بچی کے ساتھ زیادتی کا شبہ ہے مگر حتمی پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں