کراچی میں ایف آئی اے کی کارروائی، حوالہ ہنڈی میں ملوث منی ایکسچینج کے مالک سمیت 5 ملزمان گرفتار

کراچی (ڈیلی اردو) ایف آئی اے کی جوڈیشل مجسٹریٹ کی نگرانی میں حوالہ ہنڈی کے خلاف بڑی کارروائی نجی منی ایکسچینج کے مالک اور بیٹے سمیت پانچ ملزمان گرفتار 9 کروڑ سے زائد پاکستانی اور غیر ملکی کرنسی برآمد۔

ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے حوالہ ہنڈی کے خلاف کراچی میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے، 9 کروڑ سے زائد مالیت کی پاکستانی اور غیر ملکی کرنسی اور حوالہ ہنڈی کا ریکارڈ قبضے میں لے لیا۔ نجی ایکسچینج کے مالک اور بیٹے سمیت 5 افراد کو گرفتار کرلیا۔

چھاپہ جوڈیشل مجسٹریٹ کی نگرانی میں کراچی میں قائم چار دفاتر پر مارا گیا جس کے دوران پاکستانی کرنسی، امریکی ڈالر، یورو، پاونڈز، کینیڈین ڈالر، یواے ای کے درھم اور تھائی کرنسی ملی ہے۔

ملزمان کے قبضہ سے ملنے والے موبائل فون اور لیپ ٹاپ سے ٹیلیگراف ٹرانسفر کے میسجز بھی ملے ہیں۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ کے مطابق ایکسچینج کافی عرصے سے حوالہ ہنڈی اور منی لانڈرنگ کر رہا تھا، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں