اسٹونیا میں حزب اللہ پر پابندی عائد

ملابو (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) شمالی یورپی ملک اسٹونیا نے لبنانی ملیشیا حزب اللہ پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کر دیا۔ شمالی یورپ میں واقع ملک کے مطابق حزب اللہ بین الاقوامی امن اور اسٹونیا کے امن کے لیے بڑا خطرہ ہے اور پابندیوں کا فیصلہ اس تنظیم کی دہشت گرد کارروائیوں کے سبب کیا گیا۔

جمعرات کے روز اسٹونیا کی وزارت خارجہ نے ٹویٹر پر جاری بیان میں کہا گیا کہ “وزیر خارجہ کی تجویز کی بنیاد پر حکومت نے لبنانی تنظیم حزب اللہ پر اس کی دہشت گرد کارروائیوں کی وجہ سے پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پابندیوں کے تحت حزب اللہ کے عسکری اور سیاسی دھڑوں کے ارکان کا اسٹونیا میں داخلہ ممنوع ہو گا۔ ساتھ ہی تنظیم کی قیادت پر بھی پابندیاں لاگو ہوں گی۔ اس حوالے سے آئندہ وقت میں ناموں کا اعلان کیا جائے گا”۔

وزیر خارجہ اورمس رینسالو کے مطابق یہ اقدام امریکا، برطانیہ، جرمنی اور دیگر ممالک کے دیگر اقدامات کو سپورٹ کرے گا۔

یاد رہے کہ بین الاقوامی سطح پر حزب اللہ پر پابندیاں عائد کرنے کا آغاز امریکا سے ہوا تھا۔ اس کے بعد تین یورپی ممالک ہالینڈ، برطانیہ اور جرمنی نے بھی واشنگٹن کی پیروی کی۔ اخباری رپورٹوں کے مطابق سوئٹزرلینڈ بھی اسی نوعیت کے اقدام پر غور کر رہا ہے۔ اس سے قبل لیٹوینیا کا اس بارے میں اعلان سامنے آ چکا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں