لاہور: ایڈیشنل سیشن جج اظفر سلطان سید کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے

لاہور (ڈیلی اردو) ایڈیشنل سیشن جج اظفر سلطان سید کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے ہیں۔

ترجمان لاہور ہائی کورٹ کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج اظفر سلطان سید میں چند روز قبل کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، کورونا رپورٹ مثبت آنے پر ایڈیشنل سیشن جج اظفر سلطان کی عدالت کو بند کردیا گیا تھا۔

اظفر سلطان کی عدالت میں تعینات تمام عملے کے ٹیسٹ کروائے گئے جو منفی آئے تھے۔

ترجمان لاہور ہائی کورٹ کے مطابق عدالت عالیہ کی جانب سے کورونا وبا کی دوسری لہر کے پیشِ نظر ایس او پیز جاری کیے جا چکے ہیں۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 708 نئے کیس رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 7 ہزار 831، سندھ میں ایک لاکھ 51 ہزار 352، خیبر پختونخوا میں 41 ہزار 69، بلوچستان میں 16 ہزار 195، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 394، اسلام آباد میں 22 ہزار 432 جبکہ آزاد کشمیر میں 4 ہزار 911 کیسز رپورٹ ہوئے۔ملک بھر میں اب تک 47 لاکھ 73 ہزار 496 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 31 ہزار 989 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 20 ہزار 65 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 109 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 21 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 7 ہزار 21 ہوگئی۔

پنجاب میں 2 ہزار 429، سندھ میں 2 ہزار 690، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 294، اسلام آباد میں 247، بلوچستان میں 154، گلگت بلتستان میں 93 اور آزاد کشمیر میں 114 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں