افغانستان: کابل یونیورسٹی حملے کا ماسٹر مائنڈ گرفتار

کابل (ڈیلی اردو) افغان خفیہ ایجنسی این ڈی ایس اور سیکیورٹی فورسز نے کابل یونیورسٹی پر ہونے والے سفاکانہ حملے کے مبینہ ماسٹر مائنڈ کو گرفتار کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق افغان نائب صدر امراللّہ صالح کا کہنا ہے کہ کابل یونیورسٹی حملے کا ماسٹر مائنڈ عادل پنجشیر صوبے کا رہائشی ہے جبکہ ماسٹر مائنڈ عادل نے شریعہ لاء فیکلٹی میں 3 سال تعلیم حاصل کی۔ اس کا کہنا ہے کہ کارروائی کے لیے اس نے حقانی نیٹ ورک سے ہتھیار حاصل کیے۔

https://twitter.com/NDSAfghanistan/status/1327627092071223297?s=19

افغان حکومت نے ابتدا میں افغان طالبان پر حملے کا الزام عائد کیا تھا جس کی طالبان نے تردید کی تھی۔ بعدازاں عالمی دہشت گرد تنظیم داعش نے کابل یونیورسٹی اور اس سے کچھ روز قبل ایک اور تعلیمی ادارے کے نزدیک ہونے والے حملے کی ذمے داری قبول کرلی۔

واضح رہے کہ 2 نومبر کو کابل یونیورسٹی میں ہونے والے حملے میں پانچ پروفیسر سمیت 50 سے زائد افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔ حملہ آوروں نے یونیورسٹی کی عمارت میں داخل ہوکر کلاس رومز میں گولیاں برسائی تھیں۔ بعد ازاں واقعے کی کئی اندوہناک تفصیلات بھی سامنے آئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں