جنوبی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر حملے میں 5 اہلکار ہلاک، ایک شدید زخمی

اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان میں ایف سی کی چیک پوسٹ پر شرپسندوں کے حملے میں پانچ اہلکار ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان کی تحصیل سراروغہ کے علاقے ڈیلہ مزارائی میں ایف سی 223 ونگ کی چیک پوسٹ پر شرپسندوں کی جانب سے حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں 5 اہلکار ہلاک اور شدید ایک زخمی ہوگیا۔

ہلاک ہونے والوں میں نائب صوبیدار شاہد انور، نائیک احمد خان خٹک، لائیس نائیک شہریار خٹک، سپاہی ایوب اور سپاہی شہزاد خٹک شامل ہیں جبکہ حملے میں سپاہی شاہد افضل شدید زخمی ہوگیا

واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے اور ہلاک اور زخمی اہلکاروں کو سی ایم ایچ ہسپتال منتقل کردیا ہے۔

جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز پر حملے کے بعد عام طور پر علاقے میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

شمالی اور جنوبی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں گزشتہ چند ماہ کے دوران دہشت گردوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں میں تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ ان جھڑپوں میں دونوں جانب سے دو درجن سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں