آرمینیا میں فوجی بغاوت کی کوشش پر وزیراعظم نے آرمی چیف کو فارغ کردیا

یریوان (ڈیلی اردو) آرمینیا میں فوجی بغاوت کی کوشش پر وزیراعظم نے مسلح افواج کے سربراہ کو عہدے سے فارغ کردیا۔

سوشل میڈیا پر قوم سے خطاب میں آرمینیا کے وزیراعظم نے اپنے حامیوں کو سڑکوں پر آنے پر زور دیا، وزیراعظم کے مخالفین بھی دارالحکومت یریوان کے آزادی چوک پر جمع ہوگئے اور احتجاج کیا

آرمینیا کے وزیراعظم نکول پَشنیان نے سوشل میڈیا پر خطاب میں قوم کو فوجی بغاوت کی کوشش سے آگاہ کیا، انہوں نے اپنے خلاف بغاوت کی کوشش کرنے پر مسلح افواج کے سربراہ کو عہدے سے فارغ کرتے ہوئے اپنے حامیوں کو سڑکوں پر آنے کا کہا۔

ادھر روس نے آرمینیا کی صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آرمینیا میں بڑھتے ہوئے تناؤ پر شدید تحفظات ہیں اورفریقین کو اختلافات پر امن طریقے سے حل کرنے پر زور دیتے ہیں۔

ترکی کی جانب سے بھی فوجی بغاوت کی کوشش کی مذمت کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ آرمینیا کے وزیراعظم کو نگورنو کاراباخ کے معاملے پر آذربائیجان کے ساتھ جنگ میں پیچھے ہٹنے پر تنقید کا سامنا تھا اور ان سے استعفے کا مطالبہ کیا جارہا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں