افغانستان میں 2 کروڑ روپے سر کی قیمت والا تحریک طالبان پاکستان کا کمانڈر اقبال بالی مارا گیا

کابل (ڈیلی اردو) افغانستان میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے اہم ترین کمانڈر محمد اقبال عرف بالی کھیارا عرف شانی مارا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی سکیورٹی فورسز کو انتہائی مطلوب تحریک طالبان پاکستان کا اہم ترین کمانڈر اقبال عرف بالی کھیارہ عرف شانی افغانستان کے صوبے برمل میں 14 مارچ کو ایک آپریشن کے دوران مارا گیا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق اقبال عرف بالی کھیارہ سی ٹی ڈی پنجاب، بنوں، ملتان، ڈیرہ اسماعیل خان، پشاور اور ٹانک کو دہشتگردی کی درجنوں کاروائیوں میں مطلوب تھا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے ان کے سر کی قیمت دو کروڑ روپے مقرر کر رکھی تھی۔ بالی کھیارہ پاکستان میں سری لنکا ٹیم پر حملہ کرنے والوں میں بھی شامل تھا۔ اس کے علاوہ وہ پولیس کی ٹارگٹ کلنگ اور آرمی پر مہلک حملوں میں ملوث رہا۔

قبل ازیں مزکورہ بالا دہشت گرد کی بیوی بھی فورسز کے ہاتھوں ماری گئی تھی دونوں میاں بیوی کا نام پاکستان کی ریڈ (بک) میں چل رہا تھا۔

بالی کھیرا عرف شانی کا شمار کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور لشکر جھنگوی کے اہم ترین کمانڈروں میں ہوتا تھا۔

مطلوبہ دہشت گرد کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے تھا اور وہ یہاں بھی شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے درجنوں واقعات میں ملوث تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں