جنگی مشقوں کے دوران انڈونیشیا کی بحریہ کی آبدوز 53 اہلکاروں سمیت لاپتہ

جکارتہ (ڈیلی اردو) انڈونیشیا کے جزیرے بالی کے قریب نیوی کی آبدوز لاپتہ ہوگئی، جس کا کئی گھنٹے بعد بھی کوئی سراغ نہیں لگایا جاسکا۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق لاپتہ ہونے والی آبدوز میں بحریہ کے 53 اہلکار موجود تھے، جو ایک مشق کے لیے بالی سے جارہے تھے۔

انڈونیشین بحریہ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ جرمن ساختہ آبدوز جزیرہ بالی کے سمندر میں تارپیڈو کی مشقوں میں حصہ لے رہی تھی کہ اچانک لاپتہ ہوگئی۔

ترجمان کے مطابق آبدوز کی تلاش میں ناکامی کے بعد سنگاپور اور آسٹریلیا سے مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ نیوی ترجمان نے بتایا کہ جس مقام پر آبدوز کی آخری لوکیشن ظاہر ہوئی، نیوی کے دو جہازوں کو وہاں بھیج دیا گیا ہے۔

وزارت دفاع نے بتایا کہ ہم نے آبدوز کی تلاش کا کام بڑے پیمانے پر شروع کردیا ہے، امید ہے کہ کامیابی مل جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں