کرغزستان اور تاجکستان کے متنازع سرحدی علاقے میں شدید جھڑپیں، 31 افراد ہلاک، 150 زخمی

دوشنبہ (ڈیلی اردو) کرغزستان اور تاجکستان کے متنازع سرحدی علاقے میں جھڑپوں میں کم از کم 31 افراد ہلاک ہو گئے۔

کرغزستان اور تاجکستان کی سرحدی آبادیوں کے درمیان زمین اور پانی کے مسائل پر آئے دن جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں تاہم غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اس مرتبہ ان جھڑپوں میں دونوں ملکوں کے فوجیوں کی شمولیت کی وجہ سے تازہ جھڑپ کئی برسوں میں شدید ترین تھی۔

رپورٹس کے مطابق تازہ ترین جھڑپوں میں کم از کم 31 افراد ہلاک ہو گئے۔

کرغزستان کے وزیر صحت نے بارڈر پر جاری جھڑپوں میں 31 افراد ہلاک اور 150 سے زائد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی تاہم تاجکستان کی جانب سے ہلاک یا زخمی افراد کے اعداد و شمار جاری نہیں کیے گئے۔

دوسری جانب کشیدگی کم کرنے کیلئے دونوں طرف کے اہلکاروں کے مابین آج ملاقات ہوئی ہےجس کے بعد مشترکہ بیان میں کرغزستان اور تاجکستان نے حالیہ کشیدگی کو صرف اور صرف پُرامن طریقے سے حل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں