کوئٹہ: سریاب روڈ پر دھماکا، دو ایف سی اہلکاروں سمیت 4 افراد زخمی

کوئٹہ (ڈیلی اردو) صوبہ بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر دھماکے کے نتیجے میں 2 ایف سی اہلکاروں سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق سریاب کے علاقے طارق ہسپتال کے قریب آئی ای ڈی سڑک کنارے نصب کی گئی تھی۔ جیسے ہی ایف سی اہلکاروں کی موٹر سائیکل سڑک کنارے رکی تو زوردار دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی گاڑیاں اور سکیورٹی اداروں کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، دھماکے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

دوسری جانب بلوچستان کی علیحدگی پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

بی ایل اے کے ترجمان جیئند بلوچ نے میڈیا کو جاری کردہ ایک بیان میں آج کوئٹہ میں ہونے والے ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے سرمچاروں نے آج سریاب روڈ پر فرنٹیئر کور اور پولیس کی گشتی ٹیم کو ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کا نشانہ بنایا جو موٹر سائیکل میں نصب تھا۔ اس حملے میں دو اہلکار ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں