سری نگر: عسکریت پسندوں نے بھارتی کشمیر میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما کو ہلاک کردیا

سری نگر (ڈیلی اردو) بھارت کے زیرانتظام کشمیر میں مشتبہ عسکریت پسندوں نے بھارت کی حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایک مقامی سطح کے رہنما کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔

مقتول رہنما، جس کی شناخت راکیش پنڈیتا کے نام سے کی گئی ہے پر بدھ کی شام پلوامہ ضلع کے ترال علاقے میں ایک دوست کے گھر پر حملہ کیا گیا جو سری نگر شہر سے تقریباً 44 کلومیٹر جنوب میں واقع ہے جو کہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر کا دارالحکومت ہے۔

اس حملے میں ایک خاتون بھی زخمی ہوگئی۔ پنڈیتا اس قصبے کے بلد یاتی کونسلر بھی تھے۔

اطلاعات کے مطابق عسکریت پسندوں نے گھر میں گھس کر پنڈیتا پر فائرنگ کردی، اسے موقع پر ہی ہلاک کردیا اور وہاں موجود ایک خاتون کو زخمی کردیا۔

خاتون کو سری نگر کے ہسپتال لے جایا گیا ہے۔

حملے کے بعد پولیس اور نیم فوجی دستے حملہ آوروں کی تلاش کے لئے جائے وقوع پر پہنچ گئے، تاہم وہ حملے کے فوری بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔

خطے کی بھارت نواز سیاسی جماعتوں نے اس قتل کی مذمت کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں