اقوام متحدہ کا لیبیا میں پناہ گزین یمنی بچے کی گمشدگی پر اظہار تشویش

طرابلس (ڈیلی اردو) اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) اور اقوام متحدہ کے فنڈ برائے اطفال (یونیسف) نے لیبیا میں پناہ گزین یمنی بچے کے لاپتہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین، یو این ایچ سی آر اور یونیسف لیبیا کو ایک یمنی بچے کی گمشدگی پر شدید تشویش ہے جسے گزشتہ ہفتے طرابلس سے اغواء کیے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ مہاجر اور بے گھر بچوں کو مختلف خطرات لاحق ہیں اور یہ ضروری ہے کہ حکام اور ادارے اس کمزور گروہ کے تحفظ اور فلاح کیلئے اپنی کوششوں کو یقینی بنائیں۔

یو این ایچ سی آر اور یونیسف نے اس واقعے کی سنگینی کو اجاگر کرتے ہوئے بچے کی محفوظ رہائی کو یقینی بنانے کیلئے فوری کارروائی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

2011 میں سابق رہنماء معمر قذافی کے اقتدار کے خاتمے کے بعد لیبیا عدم تحفظ اور انتشار کا شکار ہے اور اس کے بعد سے شمالی افریقہ کا یہ ملک بحیرہ روم کو عبور کرکے یورپی ساحلوں تک پہنچنے کے خواہشمند غیرقانونی تارکین وطن کیلئے روانگی کا پسندیدہ مقام بن چکا ہے۔

بچائے جانے والے تارکین وطن افراد کو لیبیا میں قائم گنجائش سے زیادہ بھرے ہوئے استقبالیہ مراکز میں بھیج دیا جاتا ہے جبکہ بین الاقوامی سطح پر بار بار ان مراکز کو بند کرنے کے مطالبات کیے جا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں