لاہور دھماکے کے ملزمان کی گرفتاری کے قریب پہنچ گئے ہیں، وزیر داخلہ شیخ رشید

اسلام آباد (ڈیلی اردو) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہےکہ لاہور دھماکے کے ملزمان کی گرفتاری کے قریب پہنچ گئے ہیں۔

ٹوئٹر پر جاری ویڈیو بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ پولیس نے جوہر ٹاؤن دھماکے کی تحقیقات میں زبردست کامیابی حاصل کی ہے اور پنجاب پولیس ملزمان کی گرفتاری کے قریب ہے، پولیس جلد ملزمان کو قانون کی گرفت میں لے کر اچھی خبر سنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں انتشار پھیلانے والے ناکام ہوں گے اور پاکستان کبھی کسی دباؤ میں نہیں آئے گا، وزیراعظم عمران خان کی حکومت میں سیاسی اور معاشی استحکام آیا ہے، پاکستان کے دشمنوں کو سیاسی و معاشی استحکام ایک آنکھ نہیں بھاتا۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دشمنوں نے دہشتگردی کے راستے اپنانا شروع کیے، وہ ناکام ہوں گے، عوام پاک فوج کے ساتھ ملکر امن واستحکام اورترقی کا سفرجاری رکھیں گے۔

پولیس ذرائع کے مطابق جوہر ٹاؤن دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی کی تصویر سکیورٹی اداروں نے بابو صابو ناکے پر سیف سٹی کیمروں سے حاصل کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکا خیز مواد لانے والی ممکنہ گاڑی براستہ موٹر وے لاہور میں داخل ہوئی، گاڑی کو جب چیک کیا گیا تو اس میں بارودی مواد نہیں تھا، گاڑی میں بارودی مواد کس مقام سے رکھا گیا اس کی تحقیقات جاری ہیں۔

ذرائع کے مطابق دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی 2010 میں ڈکیتی میں چھینی گئی تھی، گاڑی چھینے جانے کی واردات کا مقدمہ گوجرانوالہ کے تھانہ کینٹ میں درج ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں حافظ سعید کے گھر کے قریب بارود سے بھری گاڑی میں دھماکا ہوا تھا جس میں ایک پولیس اہلکار سمیت چار افراد ہلاک اور 24 زخمی ہوئے تھے۔

دھماکے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کی جیو فینسنگ بھی مکمل کر لی ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں